شائقین بولنگ میں مثبت تبدیلی دکھیں گے ‘وہاب ریاض

بدھ 15 اپریل 2015 12:01

شائقین بولنگ میں مثبت تبدیلی دکھیں گے ‘وہاب ریاض

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15اپریل۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز باولر وہاب ریاض نے کہاہے کہ شائقین بولنگ میں مثبت تبدیلی دکھیں گے وہاب ریاض نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کے دور ان کہا کہ شائقین ان کی بولنگ میں مثبت تبدیلی دیکھیں گے۔ کوارٹرفائنل کے بعد کرکٹرز اور مبصرین نے جس طرح میری تعریف کی ہے اس سے میرا حوصلہ بڑھا ہے، اس پذیرائی نے مجھ میں ذمہ داری کا نیا احساس پیدا کیا ہے۔

یقینا اس سے میری بولنگ میں بہت مثبت فرق آئیگا۔وہاب ریاض نے کہاکہ اپنے بارے میں برائن لارا کے تعریفی کلمات کو بہت بڑا اعزاز سمجھتا ہوں انہوں نے کہاکہ میں اپنے بچپن سے برائن لارا کو دیکھتا آیا ہوں۔ وہ میرے پسندیدہ بیٹسمینوں میں سے ایک رہے ہیں اور مجھے یہ جان کر بہت زیادہ خوشی ہوئی کہ انہوں نے نہ صرف میرے سپیل کی تعریف کی بلکہ میرا جرمانہ بھی ادا کرنے کی پیشکش کر ڈالی۔

(جاری ہے)

وہاب ریاض نے کہاکہ وہ سینئر بولر ہونے کی ذمہ داری سے بخوبی آگاہ ہیں اور اسے نبھانے کیلئے بھی تیار ہیں۔سینئر بولر ہونے کا احساس آپ کو زیادہ ذمہ دار بناتا ہے اور سب نے دیکھا کہ ورلڈ کپ میں میری کارکردگی اچھی ہونے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ مجھے جو ذمہ داری سونپی گئی تھی اسے میں نے نبھانے کی پوری کوشش کی اور میں آئندہ بھی اس چیلنج کیلئے تیار ہوں۔وہاب ریاض نے کہاکہ وقاریونس کے کوچ ہونے کا انہیں بہت فائدہ ہوا ہے۔وہ اپنا وسیع تجربہ تمام بولرز کے ساتھ شیئر کرتے ہیں اور ان کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ ہمیں فاسٹ بولنگ کے گْر سکھائیں جس سے ٹیم کو فائدہ پہنچے۔ ان کی ٹیم میں موجودگی بڑی اہمیت رکھتی ہے۔