’’جونیئر ملک‘‘ انشاء اللہ جلد آئے گا، شعیب ملک

جمعرات 16 اپریل 2015 11:16

’’جونیئر ملک‘‘ انشاء اللہ جلد آئے گا، شعیب ملک

سیالکوٹ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار16اپریل۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و آل راؤنڈر شعیب ملک نے اپنے مداحوں کو ”جونیئر ملک“ کے جلد آنے کی خوشخبری سنا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شعیب ملک نے اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا کو ڈبلز رینکنگ میں نمبر ون ٹینس پلیئر بننے پر انھیں ٹویٹر پر مبارکباد دیتے ہوئے خود کو ان کا ’نمبرون فین‘ قرار دیا۔

جواب میں ثانیہ نے کہا کہ ’ ایک فین کا دوسرے کو شکریہ، جلد ہی ملاقات ہوگی‘۔ بعد میں شعیب ملک نے ٹویٹر پر اپنے فالوورز کے سوالات کے جواب دیے، انھوں نے کہا کہ مجھے ثانیہ مرزا کے نمبر ون پلیئر بننے پر خوشی ہے کیونکہ میں جانتا ہوں کہ وہ کتنی شدت سے محنت کرتی ہیں، میں نے انھیں فون کرکے مبارک باد دی۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ ’جونیئر ملک‘ کب آئیں گے تو انھوں نے کہا کہ ’انشاء اللہ جلد‘ ، بیٹا ہونے کی صورت میں اسے کرکٹر یا ٹینس پلیئر بنانے کے حوالے سے کیے جانے والے سوال پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ یہ بتانا کافی مشکل ہے، ہوسکتا ہے کہ وہ دونوں گیمز کھیلے۔

(جاری ہے)

بیٹی ہونے کی صورت میں نام کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ ’ابھی کچھ سوچا نہیں، مرائیلا یا پھر ریم نام ہوسکتا ہے‘۔ اسی سوال و جواب کے دوران شعیب ملک نے اپنے مداحوں پر واضح کیا کہ وہ کبھی ثانیہ کو پاکستان کی جانب سے کھیلنے پر مجبور نہیں کریں گے۔