سی ڈی اے کے فائر مین ایوب کو غریب بچوں کو مفت تعلیم دینے پر صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا

جمعرات 16 اپریل 2015 14:45

سی ڈی اے کے فائر مین ایوب کو غریب بچوں کو مفت تعلیم دینے پر صدارتی تمغہ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16اپریل۔2015ء) وفاقی دارلحکومت میں کرپشن ، اقربا پروری اور غیر قانونی اقدامات کے حوالے سے پہنچانے جانے والے ادارے سی ڈی اے کے فائر مین ایوب کو غریب بچوں کو مفت تعلیم دینے پر صدر پاکستان ممنون حسین کی جانب سے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا ہے ۔ سی ڈی اے کے بے حس ارباب اختیار نے تاحال اپنے ملازم کی قومی خدمات کا اعتراف نہیں کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق کرپشن ، اقربا پروری اور غیر قانونی اقدامات کے حوالے سے عدالتوں اور تحقیقاتی اداروں میں مختلف کیسز بھگتنے والے ادارے سی ڈی اے میں آج بھی ایماندار اور قومی خدمت کے جذبے سے سرشار لوگوں کی کمی نہیں ہے ایسے ہی ایک سی ڈی اے کے شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ساتویں سکیل کے ملازم فائر مین ایوب ہیں جو گزشتہ پچیس سالوں سے صبح کے اوقات میں اپنے فرائض منصبی سرانجام دینے کے بعد شام کے اوقات میں ایف سکس سون کوارٹر کی کچی آبادی کے غریب بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرتے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جہاں ایک جانب سی ڈی اے ملازم مختلف ذرائع سے اپنی ڈیوٹی پیسے کمانے والی چیزوں پر لگواتے ہیں وہی ایوب نے ہمیشہ سی ڈی اے افسران سے اپنی ڈ یوٹی صرف دن کے اوقات میں لگوانے کیلئے سفارش کروائی ہے تاکہ شام کے اوقات میں بچوں کو مفت تعلیم دے سکیں ۔ ایوب کی خدمات کو سی ڈی اے انتظامیہ نے تو پچیس سالوں میں کبھی نہیں سراہا تاہم حکومت نے ایوب کی خدمات کو سراہتے ہوئے یوم پاکستان کے موقع پر صدر پاکستان ممنون حسین نے ایوب کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا ہے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ ایک ماہ کا عرصہ گزرنے کے بعد بھی سی ڈی اے کے ملازم کو ملنے والے قومی اعزاز پر سی ڈی اے کے چیئرمین معروف افضل نے نہ ہی کوئی تعریفی کلمات کہے اور نہ ہی چھوٹے ملازمین کی علمبردار یونین کی جانب سے ایوب کے اعزاز میں کوئی تقریب منعقد کی جاسکی ۔

متعلقہ عنوان :