سٹیووا کا ویرات کوہلی کو اپنے جذبات اور احساسات کو قابو میں رکھنے کا مشورہ

جمعرات 16 اپریل 2015 17:13

سٹیووا کا ویرات کوہلی کو اپنے جذبات اور احساسات کو قابو میں رکھنے کا ..

سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار16اپریل۔2015ء)دنیائے کرکٹ کے لیجنڈری کھلاڑی اور عظیم کپتان سٹیووا نے بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو گراؤنڈ میں اپنا مزاج ٹھنڈا رکھنے اور جذبات کو قابو میں رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ آسٹریلیا کو ناقابل تسخیر ٹیسٹ ٹیم بنانیوالے سابق آسٹریلین لیجنڈ کا کہنا تھا کہ کوہلی کو میچور ہونے کی ضرورت ہے، ورلڈ کپ میں بھی ان کے ساتھ مسائل تھے، وہ بہت زیادہ جذباتی ہوئے تو کبھی بہت زیادہ دکھاوا کرتے نظر آئے جبکہ کچھ مواقعوں پر بات کو ذاتی حد تک لے گئے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کپتان میں بہت برداشت اور تحمل کا مادہ ہونا چاہیے، دھونی میں یہ خاصیت موجود ہے اور وہ چیزوں کو اپنے اوپر سوار نہیں کرتے ، وہ کوہلی کے لیے اچھے رول ماڈل ثابت ہو سکتے ہیں، انہیں اپنی شخصیت برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ دھونی سے بھی کچھ سیکھنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

سٹیووا کا مزید کہنا تھا کہ دھونی اس بات سے پریشان نہیں ہوتے لوگ ان کے بارے میں کیا کہہ رہے ہیں بلکہ وہ چیزوں کو آسان رکھتے ہوئے فیلڈ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

سابق کینگرو کپتان کا کہنا تھا کہ کوہلی جس جذبے سے کھیلتے ہیں وہ انہیں بہت پسند ہے، یہ ہندوستانی ٹیم کا اثاثہ ہے لیکن انہیں اسے بہترین طریقے سے استعمال کرنے اور سمارٹ بننے کی ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ کوہلی ایک عرصے سے اپنی جذباتیت اور غصے کی وجہ سے میڈیا اور سابق کھلاڑیوں کی تنقید کی زد میں ہیں۔ دورہ آسٹریلیا میں دھونی کی غیر موجودگی میں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے وہ کئی مرتبہ غصے میں آپے سے باہر ہو گئے اور ان کی آسٹریلین کھلاڑیوں سے متعدد زبانی جھڑپیں کیمرے نے قید کر لیں۔

اس کے علاوہ ورلڈ کپ 2015 ء کے دوران ایک صحافی نے ان کی گرل فرینڈ انوشکا شرما کے حوالے سے ایک آرٹیکل شائع کیا جس پر کوہلی اس وقت تنازع میں پڑ گئے جب انہوں نے صحافی سے شدید بدتمیزی کی اور ستم ظریفی یہ کہ انہوں نے غلط فہمی میں کسی اور صحافی کو تضحیک کا نشانہ بنایا جس کی وجہ سے تنازع نے مزید طول پکڑ لیا۔ اس معاملے پر نہ صرف کوہلی کو صحافی سے معافی مانگنی پڑی بلکہ ہندوستانی بورڈ کو باقاعدہ ایک بیان جاری کرنا پڑا۔

ورلڈ کپ 2015ء سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف ایک رن پر آؤٹ ہونے پر شائقین نے انہیں اور ان کی گرل فرینڈ کو آڑے ہاتھوں جس پر ایک عرصے تک تو کوہلی کچھ نہ بولے لیکن آئی پی ایل شروع ہونے سے قبل انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران غصے میں تمام ناقدین اور شائقین کو کھری کھری سنا دی۔