احتجاج کے دوران شاہراہ بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، روڈ بند کرنے والوں کیخلاف مقدمہ فوجی عدالت میں بھیجا جائے گا

کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ

جمعرات 16 اپریل 2015 20:05

سکھر ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16اپریل۔2015ء ) کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ کہیں بھی احتجاج کے دوران کوئی بھی شاہراہ یا سڑک بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی روڈ بند کرنے والوں کے خلاف مقدمہ فوجی عدالت میں بھیجا جائے گا ،اسلحہ لے کر چلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی بغیر رجسٹریشن کے موٹر سائیکلوں کے خلاف کاروائی تیز کی جائے ان ہدایات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں طلب کیے گئے ڈویژنل کو آرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

کمشنر سکھر نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے جس سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے اور حکومت کی رٹ آہستہ آہستہ قائم ہورہی ہے اب جہاں بھی وال چاکنگ اور جھنڈے دوبارہ نظر آئے تو متعلقہ ٹی ایم ایز کے خلاف کاروائی کی جائے گی انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی افغانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کو گرفتار کیا جائے ا س سلسلے میں ضلع سطح پر سیل بھی قائم کیے گئے ہیں بغیر نمبر پلیٹ کی موٹر سائیکلوں کے خلاف کاروائی تیز کی جائے اور بغیر رجسٹریشن کی موٹر سائیکل فروخت کرنے والے شورومز کے خلاف کاروائی کی جائے اور ان پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے ۔

(جاری ہے)

کمشنر سکھر نے کہا کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی تیز کی گئی ہے جس سے ماحول میں بہتری آئی ہے جبکہ مدرسوں کے کوائف جمع کرنے کا عمل بھی مکمل ہوچکا ہے مدرسوں کی رجسٹریشن کی شکایات کے سلسلے میں ضلعی سطح پر اوقاف،وفاق المدارس اور ایس ایس پیز پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش کو روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں اور کسی کو بھی اسلحہ لے کر چلنے کی ہر گز اجازت نہ دی جائے ۔

کمشنر سکھر نے کہا کہ آئل ٹینکرز پر خاص نظر رکھی جائے کیونکہ ان میں اسلحہ اسمگل ہورہا ہے جس کے لیے سخت چیکنگ کی جائے انہوں نے ہدایت کی کہ نیشنل ہائی وے پر روٹ پرمٹ پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے جبکہ ہائی وے سمیت دیگر سڑکوں کے موڑ پر سائن بورڈ لگائے جائیں اگر کسی موڑ پر سائن بورڈ موجود نہ ہوا اور وہاں کوئی بھی حادثہ رونما ہوا تو اس کا مقدمہ متعلقہ ٹی ایم ایز کے خلاف درج ہوگا ،اجلاس کو بتایا گیا کہ خیرپور میں لاؤڈ اسپیکر کی خلاف ورزی کے 14 ، سکھر میں51 مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ 430 افغانیوں کو گرفتار کیا ہے جس میں سے 150 افغانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے ،اجلاس میں ڈی آئی جی سکھر پولیس، سکھر خیرپوراور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز اور دیگر متعلقہ آفیسرز نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :