احسن اقبال نے سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کیساتھ جھوٹ بولا ہے، سینیٹر الیاس بلور

کاشغر گوادر اقتصادی راہداری کے منصوبے میں روٹ تبدیل نہ کرنے بارے مسلسل جھوٹ بول کر عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے، رہنماء اے این پی

جمعہ 17 اپریل 2015 19:07

احسن اقبال نے سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کیساتھ جھوٹ بولا ہے، ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) سینیٹ آف پاکستان میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اور ملک کے ممتاز صنعتکار سینیٹر الیاس احمد بلور نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی جانب سے کاشغر گوادر اقتصادی راہداری روٹ کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کے مشترکہ اجلاس میں پاک چائنا اکنامک کاریڈور کے سابقہ روٹ پر پہلے کام شروع کرنے کے وعدے کے منافی اقتصادی راہداری روٹ کے تمام راستوں پر اکٹھے کام شروع کرنے کی بات کو پارلیمنٹرین کی توہین قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ احسن اقبال نے سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کے ساتھ جھوٹ بولا اور ان کے ساتھ اجلاس میں کمٹمنٹ کرکے اپنا بیان بدل دیا ۔

ا یک بیان میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ وفاقی وزیراحسن اقبال کاشغر گوادر اقتصادی راہداری کے منصوبے میں روٹ تبدیل نہ کرنے کے حوالے سے مسلسل جھوٹ بول کر عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور پارلیمانی لیڈرز کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمان  محمود خان اچکزئی  آفتاب شیرپاؤ  فرحت اللہ بابر  عثمان کاکڑ اور سعید غنی سمیت انہوں نے اے این پی کے پارلیمانی لیڈر کی حیثیت سے شرکت کی اور جب تمام سیاسی پارٹیوں نے کاشغر گوادر روٹ میں تبدیلی کے حوالے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا تو احسن اقبال نے ان سے کمٹمنٹ کی کہ اقتصادی راہداری کے اس منصوبے پر پہلے سابقہ روٹ پر تعمیراتی کام شروع ہوگا لیکن جب وفاقی وزیر احسن اقبال نے میڈیا سے بات چیت کی تو وہ اپنی کمٹمنٹ سے مکر گئے اور کہا کہ تمام روٹ پر اکٹھے کام شروع کیا جائے گا ۔

سینیٹر الیاس احمد بلو رنے کہا کہ احسن اقبال مغربی روٹ کو نظر انداز کرکے پہلے اسلام آباد لاہور موٹروے اور پھر ملتان اور کراچی سے گوادر تک روٹ تعمیر کرنا چاہتے ہیں جس سے خیبر پختونخوا کی معیشت بری طرح متاثر ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ جب تمام سیاسی جماعتیں کاشغر گوادر روٹ میں تبدیلی کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہی ہیں تو وفاقی حکومت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیوں کر رہی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کاشغر گوادر روٹ میں تبدیلی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پہلے پرانے روٹ پر کام شروع نہ کیا گیا تو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں زبردست مزاحمت کی جائے گی اور منصوبے میں تبدیلی کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :