صوبائی حکومت کی موٴثر پالیسیوں ،اقدامات کی بدولت خیبر پختونخوا تبدیلی کی راہ پر چل پڑا ہے،ضیاء اللہ آفریدی

جمعہ 17 اپریل 2015 19:10

صوبائی حکومت کی موٴثر پالیسیوں ،اقدامات کی بدولت خیبر پختونخوا تبدیلی ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے معدنی ترقی اور پشاور میگا پراجیکٹس کے کوآرڈینیٹر و فوکل پرسن ضیاء اللہ آفریدی نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت کی موٴثر پالیسیوں اور اقدامات کی بدولت خیبر پختونخوا تبدیلی کی راہ پر چل پڑا ہے تاہم اس تسلسل کوبرقرار رکھنے کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ اپنے رویوں میں تبدیلی لاتے ہوئے فرض شنا سی، دیانت داری اور عدل و انصاف جیسی اعلیٰ اخلاقی اقدار کو فروغ دے کر ایک کامیاب اور خوشحال معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پشاور میں سیاسی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے موٴثر اقدامات کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے جسے وہ بحسن و خوبی سر انجام دے رہی ہے تاہم اب حالات کافی بدل چکے ہیں اور بدعنوانی ، رشوت ستانی اور نا انصافی کے بے لگام گھوڑے کو قابو کر لیا گیا ہے مگر اس تسلسل کو برقرار رکھنے کے لئے سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی ذاتی مفادات کی بجائے قومی مفاد کو ترجیح دینا ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رویوں کی تبدیلی اور مثبت سوچ کے فروغ میں میڈیا کا کردار ایک مسلمہ حقیقت ہے لہذا مذہبی و سماجی رہنما بھی اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر اس امید کا اظہار کیا کہ حکومتی اداروں، میڈیا، سیاسی و سماجی رہنماوٴں اور محب وطن شہریوں کی اجتماعی کاوشوں سے نہ صرف تبدیلی کا سفر جاری رہے گا بلکہ خیبر پختونخوا بہت جلد ایک ترقی یافتہ خطہ بن کر ابھرے گا۔