کاپی کلچر کے خاتمے کیلئے پرنسپل اور اساتذہ سنجیدگی کامظاہرہ کرتے ہوئے موثر اقدامات کریں ، کمشنر سکھر ڈویژن عباس بلوچ

جمعہ 17 اپریل 2015 20:36

سکھر ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء ) کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ کاپی کلچر کے خاتمے کے لیے پرنسپل اور اساتذہ سنجیدگی کامظاہرہ کرتے ہوئے اس کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کریں کاپی کلچر بچوں کا مستقبل تباہ کردے گا جس پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول ببرلوء کے امتحانی مرکز کے دورے کے موقع پر پرنسپل اور اساتذہ کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے دورے کے دوران اسکول میں نظم و ضبط کی سنگین صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسکول کے پرنسپل کو کہا کہ اسکول ٹیچر لچھمن داس کی ڈیوٹی دوران امتحانات نہ لگائی جائے کیونکہ جو بھی استاد تعلیم کی فراہمی میں اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کرتا اس کے خلاف محکماتی کاروائی کی جائے انہوں نے کہا کہ بہتر تعلیم کی فراہمی سے بچوں کامستقبل روشن ہوگا اور یہ معمار ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرسکیں گے دورے کے دوران کمشنر سکھر ڈویژن نے اسکول کی تما م کلاسوں کا دورہ کیا اور امتحانات کے بارے میں پرنسپل اور اساتذہ کو ہدایات دیں۔