غیر نمونہ نمبرپلیٹ استعمال کرنے والے 4وارڈنز کو شوکاز نوٹس جاری‘انکوائری شروع

ٹریفک قوانین کی پاسداری ہر شہری پر لازم ہے ،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے ‘طیب حفیظ چیمہ

ہفتہ 18 اپریل 2015 17:18

غیر نمونہ نمبرپلیٹ استعمال کرنے والے 4وارڈنز کو شوکاز نوٹس جاری‘انکوائری ..

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء ) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے غیر نمونہ نمبر پلیٹ والی گاڑیاں استعمال کرنے والے 4ٹریفک وارڈنز کو شوکاز نوٹس جاری کرکے ایس پی ہیڈ کواٹرز کو محکمانہ انکوائری کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری ہر شہری پر لازم ہے ،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی ۔

طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس نے شہر بھر میں ٹریفک کی روانی یقینی بناتے ہوئے ٹریفک قوانین کی بالا دستی کیلئے کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے ۔کریک ڈاؤن کے دوران خلاف ورزی کے مرتکب ہر شخص کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ غیر نمونہ نمبر پلیٹ گاڑیوں کے استعمال کرنے پر ٹریفک سیکٹر خیابان جناح کے ٹریفک وارڈن ماجد کی کار نمبرLEM/6488،سٹی ٹریفک پولیس ڈرائیونگ سکول کے وارڈن شاہین حیات کی کار نمبرLZH/5560،کینٹ سیکٹر تعینات وارڈن سرور کی موٹر سائیکل LEW/8050اور اولڈ ائر پورٹ سیکٹر میں تعینات ٹریفک وارڈن ذوالفقار کی موٹر سائیکل نمبرGAR/6133کو قبضے میں لے کر انکے خلاف محکمانہ انکوائری کا آغاز کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

طیب حفیظ چیمہ نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کریں ۔انہوں نے وارڈنز کو ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین پر عمل پیرا ہوکر شہریوں کیلئے مثال قائم کریں ۔