45ویں سالانہ کھیل، لیسکو نے پہلی ‘ فیسکو نے دوسری اور گیپکو نے تیسری پوزیشن حاصل کی

ہفتہ 18 اپریل 2015 20:01

45ویں سالانہ کھیل، لیسکو نے پہلی ‘ فیسکو نے دوسری اور گیپکو نے تیسری ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) چیئرمین واپڈ اور واپڈ سپورٹس بورڈ کے پیٹرن انچیف ظفر محمود نے کہا کہ سپورٹس کانیشن بلڈنگ میں بڑا اہم کردار ہوتا ہے۔بہت سی قومیں ‘ محبت‘ یگانت اور ایک دوسرے کے جذبوں ‘ آپس میں میل جول کو بڑھانے کیلئے سپورٹس کو استعمال کرتی ہیں۔ جنوبی افریقہ میں عظیم رہنما نیلسن منڈیلا نے نیشن بلڈنگ کیلئے سپورٹس کا سہارا لیتے ہوئے رگبی کی ٹیم تشکیل دی جس میں تمام کالے شریک تھے۔

اس طرح ہمسایہ ملک بھارت میں سپورٹس کے ذریعے وہاں بسنے والی مختلف قومیتوں کو نیشنل سپورٹس پالیسی کے ذریعے متحد کرنے کا کام لیا جارہاہے۔45ویں سالانہ کھیلوں کے مقابلوں میں لیسکو نے پہلی ‘ فیسکو نے دوسری اور گیپکو نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین واپڈا نے پوزیشن حاصل کرنیوالی کمپنیوں میں ٹرافیاں بھی تقسیم کیں۔ اس موقع پر سپورٹس بورڈ کے صدر یوسف نسیم کھوکھر‘ ممبر واٹر محمد شعیب اقبال‘ ممبر پاور بدرالمنیر مرتضی‘ ممبر فنانس انوار الحق‘ لیسکو‘فیسکو اور گیپکو کے چیف ایگزیکٹو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری خالد محمود‘ جنرل منیجر سپورٹس واپڈا محمد ظفر کے علاوہ کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ کھیل دنیا بھر میں قوموں کی یکجہتی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ جنوبی افریقہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیلسن منڈیلا نے کھیلوں کے ذریعے اپنے ملک میں بسنے والی متنو ّع اقوام کو متحدکیا۔چیئرمین واپڈا نے کہا کہ ان کا ادارہ 1960 ء سے ملک میں کھیلوں کی سرپرستی کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واپڈا ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنے کردار کو موثر طور پر جاری رکھے گا۔

واپڈا نے کھیلوں کیلئے مختص فنڈز میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے اور بہت جلد اس حوالے سے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے سربراہان کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ واپڈا کھیلوں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کیلئے اپنے سپورٹس بورڈ کے ذریعے انہیں زیادہ مواقع مہیا کرے گا۔ واپڈا ٹیلنٹ ہنٹ سکیم میں اتھلیٹکس کو ترجیح دی جائے گی کیونکہ اتھلیٹکس میں دوسرے کھیلوں کی نسبت لڑکیوں کیلئے آگے بڑھنے کے زیادہ مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے واپڈا کے کھلاڑیوں کو پاکستان میں پانی اور بجلی کی بچت کے حوالے سے شعور پیدا کرنے کیلئے برانڈ ایمبیسڈر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے جیتنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مبارکباد بھی پیش کی۔اپنے خیرمقدمی کلمات میں واپڈا سپورٹس بورڈ کے صدر نے قومی کھیلوں میں واپڈا کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ واپڈا اس وقت 28 کھیلوں میں قومی چمپیئن اور 16 میں رنرزاپ ہے جبکہ 8 کھیلوں میں واپڈا نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :