آج کا جلسہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ایم کیو ایم کی مقبولیت کا گراف گرا نہیں بلکہ بڑھا ہے: الطاف حسین

muhammad ali محمد علی ہفتہ 18 اپریل 2015 23:03

آج کا جلسہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ایم کیو ایم کی مقبولیت کا گراف گرا نہیں ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 18 اپریل 2015 ء) این اے 246 کیلئے ایم کیو ایم کے زیر اہتمام منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ ایم کیو ایم کی مقبولیت اور ان کی محبت کا گراف تیزی سے گر رہاہے وہ جلسہ دیکھ کے خود فیصلہ کرلیں کہ ایم کیو ایم کا گراف گرا ہے یا بڑھ گیا ہے۔

مخالف جماعتیں ایم کیو ایم کی مقبولیت دیکھ کر بوکھلا گئی ہیں، عوام نے ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر پی ٹی آئی کی پٹائی کردی ہے۔ 23 تاریخ کو نفرت کی نہیں پیار و محبت کی بات ہوگی ۔ایک طرف ایم کیو ایم جیسی جمہوریت پسند لبرل جماعت ہے تو دوسری جانب وہ جماعتیں ہیں جو طالبان کی حمایتی ہیں۔آج لوگوں نے فیصلہ دے دیا ہے کہ انہیں طالبان نہیں ایم کیو ایم چاہیئے ہے، کنور نوید جمیل کو بطور ایم این اےکامیابی کی پیشگی مبارکباد دیتا ہوں. اسٹیبلیشمنٹ سے درخواست کرتا ہوں کہ ہمیں بھی برابر کا پاکستانی سمجھا جائے ہماری حب الوطنی پر شک نہ کیا جائے، ہماری غلطیوں کو معاف کردیا جائے اور آئیں مل کر محبتوں کے نئے سفر کا آغاز کریں، ہم پاکستان کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

الطاف حسین کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان، فاٹا اور سرائیکیوں کی محرومیاں دور کی جائیں، کشمیر کے عوام پر ہونے والے ظلم کیخلاف سلامتی کونسل میں آواز اٹھائی جائے۔ ایسی خارجہ پالیسی بنائی جائے جس سے پاکستان کی آبرو میں اضافہ ہو، جیسے یورپی یونین بنی ہے ویسے ہی ایشیائی یونین بھی بنائی جائے۔