سلمان بٹ 28اپریل کو انسدادِ بدعنوانی یونٹ کیسامنے پیش ہوں گے

بدھ 22 اپریل 2015 11:53

سلمان بٹ 28اپریل کو انسدادِ بدعنوانی یونٹ کیسامنے پیش ہوں گے

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22اپریل۔2015ء)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق سزا یافتہ کپتان سلمان بٹ 28 اپریل کو دبئی میں آئی سی سی کے انسدادِ بدعنوانی یونٹ کے سامنے پیش ہوں گے۔واضح رہے کہ سلمان بٹ پر سپاٹ فکسنگ کے الزام میں دس سالہ پابندی عائد ہے جن میں سے پانچ سال معطلی کے ہیں اور ان پر عائد پابندی اس سال ستمبر میں ختم ہوگی اسی الزام میں محمد عامر اور محمد آصف کو بھی پابندی کا سامنا رہا تاہم محمد عامر کو آئی سی سی نے ستمبر سے پہلے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے اور انھوں نے گذشتہ دنوں پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا۔

سلمان بٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ آئی سی سی کے انسدادِ بدعنوانی یونٹ نے انھیں 28 اپریل کو دبئی بلایا ہے تاہم انھیں اس ملاقات کی تفصیل کا علم نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ممکن ہے کہ جس طرح انسدادِ بدعنوانی یونٹ نے حال ہی میں محمد عامر سے بات کی ہے اسی طرح وہ ان سے بھی کرنا چاہتا ہو۔سلمان بٹ نے کہاکہ ان کے موجودہ پاسپورٹ کی مدت ختم ہو چکی ہے لہٰذا انھیں فوری طور پر نیا پاسپورٹ اور ویزا حاصل کرنا ہو گا۔سلمان بٹ نے کہا کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے لیے درکار آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی تمام شرائط پوری کر چکے ہیں اور ان سے مکمل تعاون کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان پر عائد پابندی میں بھی نرمی کی جائے تاکہ وہ جلد سے جلد کرکٹ کھیل سکیں۔