گرینیڈا ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن پھر مشکلات سے دوچار

بدھ 22 اپریل 2015 12:05

گرینیڈا ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن پھر مشکلات سے دوچار

سینٹ جارج(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار22اپریل۔2015ء)انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن ایک بار پھر مشکلات سے دوچار دکھائی دی اور پہلے دن کے اختتام تک پانچ وکٹیں کھو کر 188 رنز بنا سکی ، مارلن سیمیولز کے 83رنز نے ہوم ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا ۔ تفصیلات کے مطابق انگلش ٹیم کے کپتان الیسٹر کک نے ٹاس جیت کر فیلڈ سنبھالی تو اس سے پہلے بارش کے باعث کافی وقت ضائع ہو چکا تھا اور موسم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جیمز اینڈرسن نے کریگ براتھویٹ کو ایک رن پر چلتا کیا جبکہ کرس جورڈن نے پندرہ رنز پر کھیلنے والے ڈیون سمتھ کو جوز بٹلر کی مدد سے چلتا کیا۔

ڈیرن براوو نے اس موقع پر سخت مزاحمت کی اور مارلن سمیولز کے ساتھ مل کر سکور کو 65 رنز تک پہنچا دیا۔

(جاری ہے)

اس شراکت کا خاتمہ سٹورٹ براڈ کے ہاتھوں ہوا جنہوں نے پانچ چوکوں کی مدد سے پینتیس رنز بنانے والے ڈیرن براوو کو رخصت کر دیا مگر اس سے بھی بڑا نقصان اس وقت ہوا جب بین سٹوکس نے شیو نرائن چندرپال کی قیمتی وکٹ اس وقت حاصل کرلی جب وہ صرف ایک رن بنا سکے تھے ۔

چوبیس رنز بنانے والے جرمین بلیک ووڈ نے بھی مارلن سیمیولز کا عمدگی سے ساتھ نبھایا اور سکور کو 129 رنز تک لے جانے میں کامیاب ہو گئے تھے تو کرس جورڈن نے بلیک ووڈ کی رخصتی کا سامان کر ڈالا۔ سیمیولز اور رامدین نے بغیر وکٹ دیے ٹیم کا سکور دن کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز جوڑ لیے ، سیمیولز 83 اور دنیش رامدین 6 رنز پر کھیل رہے تھے ۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس جورڈن نے 2 جبکہ اینڈرسن ،براڈ اور سٹوکس نے 1،1 کھلاڑی پوویلین بھیجا ۔