شائقین مشکلات میں گھری ٹیم اور سعید اجمل کے حوالے سے صبر کا مظاہرہ کریں ‘ مصباح الحق

جمعرات 23 اپریل 2015 11:16

شائقین مشکلات میں گھری ٹیم اور سعید اجمل کے حوالے سے صبر کا مظاہرہ کریں ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23اپریل۔2015ء) بنگلہ دیش میں خراب کارکردگی کے بعد پاکستان کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے کرکٹ شائقین پر زور دیا ہے کہ وہ مشکلات میں گھری ون ڈے ٹیم اور واپس آنے والے سٹار آف سپنر سعید اجمل کے حوالے سے صبر کا مظاہرہ کریں ‘ہم جلد بازی نہ کریں اور ٹیم کو کچھ وقت دیں تو اگلے دو سالوں میں ٹیم پختہ ہو جائیگی ۔

ایک انٹرویو میں مصباح الحق نے کہا کہ نئی ٹیم کو سیٹ ہونے میں کچھ وقت لگے گااگر ہم نے مستقبل کیلئے ٹیم بنانے کا فیصلہ کر ہی لیا ہے تو پھر ہمیں ان نئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں اعتماد دینا ہو گا۔اگر ہم جلد بازی نہ کریں اور ٹیم کو کچھ وقت دیں تو یہ اگلے دو سالوں میں پختہ ہو جائے گی۔ ایسے میں ہمیں فی الحال نتائج کو نظر انداز کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ فارمیٹ میں پاکستان کے کپتان مصباح نے کہا کہ بنگلہ دیش اپنے گھر پر اچھی ٹیم ثابت ہو سکتی ہے انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کو بنگلہ دیش کی طویل مدتی حکمت سوچ سے سیکھنا چاہیے یہ وہی بنگلہ دیش ہے جو گزشتہ سال ایشیا کپ میں اپنے ہی گھر پر افغانستان سے ہار گئی تھی تاہم انہوں نے اپنے کھلاڑیوں پر اعتماد کیا اور اب یہ پختہ کھلاڑیوں کی ٹیم بن چکی ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان مصباح نے کہا کہ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم پختہ ہے اور اس نے حال ہی میں اچھے نتائج بھی دئیے لہذا ہمیں اس صورتحال سے اعتماد حاصل کرنا چاہیے۔مصباح نے آٹھ مہینوں تک معطل رہنے کے بعد نئے باولنگ ایکشن کے ساتھ واپس آنے والے بنگلہ دیش میں غیر موثر سعید اجمل کی حمایت بھی کی۔جب اجمل جیسا کھلاڑی اتنے بڑے دھچکے کے بعد واپس آتا ہے تو وہ اپنے موثر ہونے کے حوالے سے سوالات کی وجہ سے محتاط ہوتا ہے ‘ میرے خیال میں وہ ہر میچ کے ساتھ بہتر ہوتے جائیں گے۔انہیں ایک یا دو سیریز کا موقع دیا جائے تو وہ بہت شاندار انداز میں واپس آئیں گے

متعلقہ عنوان :