حفیظ کا سپر ’فلاپ‘ شو رینکنگ چارٹ پر بھی بے نقاب

جمعہ 24 اپریل 2015 12:50

حفیظ کا سپر ’فلاپ‘ شو رینکنگ چارٹ پر بھی بے نقاب

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) محمد حفیظ کا سپر ’فلاپ‘ شو رینکنگ چارٹ پر بھی بے نقاب ہوگیا،پاکستانی اسٹار بیٹنگ، بولنگ اور آل راوٴنڈر تمام شعبوں میں تنزلی کا شکار ہوگئے، سعید اجمل کو نئے بولنگ ایکشن نے ساتویں نمبر پر پہنچادیا، نئے کپتان اظہر علی کی 85 ویں نمبر سے ایک روزہ رینکنگ میں واپسی ہوئی، پاکستانی ٹیم کے خلاف تاریخی فتح سے بنگلہ دیش کے کئی پلیئرز کیریئر بیسٹ رینکنگ پر پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں وائٹ واش شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس کا نتیجہ کھلاڑیوں کی رینکنگ میں تنزلی کی صورت میں برآمد ہوا، صرف چند ہی ترقی پا سکے۔ سب سے زیادہ مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ محمد حفیظ نے کیا، انھیں تینوں شعبوں بیٹنگ، بولنگ اور آل راوٴنڈرز میں تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

تین اننگز میں صرف 8 رنز بنانے والے حفیظ کو بیٹسمین رینکنگ میں پانچ درجے خسارے کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ اب 38 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ابتدائی 2 میچز میں حفیظ نے پابندی کی وجہ سے بولنگ نہیں کی،پھر آخری میچ میں آئی سی سی کی کلیئرنس کے بعد گیند سنبھالی لیکن خود کو تنزلی سے نہیں بچاپائے، 3 درجے خسارے سے وہ اب 19 ویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ آل راوٴنڈرز میں بھی ایک زینہ نیچے اتر کر پانچویں نمبر پر آگئے۔