عوام نے ضمنی انتخاب میں شاندارکامیابی سے ہمکنارکرکے ایم کیوایم پرلگائے جانے والے تمام من گھڑت،الزامات کو مسترد کردیاہے،الطاف حسین

عوام نے ایم کیوایم کواپنابھاری مینڈیٹ دے کرثابت کردیا کہ حق پرست عوام اورایم کیوایم لازم وملز وم ہیں کیامخالفین اب بھی کہیں گے کہ ایم کیوایم کامینڈیٹ جعلی ہے؟ کیا وہ اب بھی کہیں گے کہ ایم کیوایم دھاندلی سے جیتی ہے ؟ جناح گراؤنڈعزیزآبادمیں ضمنی انتخاب کی خوشی میں مبارکبادکے لئے جمع ہونے والے عوام سے خطاب

جمعہ 24 اپریل 2015 21:50

عوام نے ضمنی انتخاب میں شاندارکامیابی سے ہمکنارکرکے ایم کیوایم پرلگائے ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے کہاہے کہ آج لیاقت آباد اور فیڈرل بی ایریا کے عوام نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے NA-246 کے ضمنی انتخاب میں ایم کیوایم کے حق میں فیصلہ دیکر اورایم کیوایم کوایک بارپھرشاندارکامیابی سے ہمکنارکرکے ایم کیوایم پرلگائے جانے والے تمام من گھڑت، بیہودہ الزامات اوراس کے میڈیاٹرائل کو مسترد کردیاہے اور ایک بارپھر ایم کیوایم کواپنابھاری مینڈیٹ دے کرثابت کردیا ہے کہ حق پرست عوام اورایم کیوایم لازم وملز وم ہیں۔

ایم کیوایم نے ہمیشہ دوسروں کے مینڈیٹ کوتسلیم کیا ہے ،خدارا ایم کیوایم کو ملنے والے مینڈیٹ کوبھی دل سے تسلیم کیاجائے، اس کو طاقت کے ذریعے کچلنے کی روش ختم کی جائے اورایم کیوایم کے وجود کوتسلیم کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کااظہارجمعرات کی شب جناح گراؤنڈعزیزآبادمیں ضمنی انتخاب کی خوشی میں مبارکبادکے لئے جمع ہونے والے عوام کے ایک بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جناح گراؤنڈ میں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی اورپوراگراؤنڈعوام سے بھراہواتھا۔ عوام کے پرجوش اجتماع سے خطاب میں ضمنی انتخاب میں اﷲ تعالیٰ کاشکراداکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ بیشک حق آنے کیلئے اور باطل مٹ جانے کیلئے ہے ۔ اﷲ تبارک تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکرہے کہ اس نے ایم کیوایم کوفتح ونصرت سے نوازا۔ انہوں نے انتہائی جذباتی اندازمیں کہا کہ اے اﷲ بس توہی بڑاہے ، توہی سب سے بڑا اور سب سے عظیم ہے ،تیری طاقت ہی سب سے بڑی طاقت ہے ،دنیاکی کوئی بڑی سے بڑی طاقت چاہے کیسے ہی منصوبے کیوں نہ بنالے لیکن تیری قدرت کے آگے کسی بھی طاقت کے کسی بھی منصوبے کی کوئی حیثیت نہیں ۔

اے اﷲ ہمیں کل بھی تیری تائیدوحمایت درکارتھی اورآج بھی ہم تجھ سے ہی مدد مانگتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ میں نے الیکشن مہم کے دوران کئی بارعوام کے سامنے سورہء الکوثر پیش کی تھی۔ جس میں اﷲ تعالیٰ کافرمان ہے ، ’’بے شک ہم نے تجھے کوثر عطاکی ۔پس اپنے رب کی راہ میں قربانی کر، بے شک تیرادشمن ہی ابتر ہوگا ‘‘۔ہمارے دشمنوں نے تمام ترہتھکنڈے اختیارکئے لیکن اﷲ تعالیٰ نے ہماری عزت رکھی ،ہمیں فتح سے ہمکنار کیا اور مخالفوں کوابترکیا۔

بے شک اﷲ جسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے ذلت دیتا ہے ، اﷲ ہرشے پر قادر ہے۔انہوں نے کہاکہ ا لحمدلﷲ آج لیاقت آباد اور فیڈرل بی ایریا کے عوام نے ایم کیوایم کے حق میں فیصلہ دیکراورایم کیوایم کوایک بارپھرشاندارکامیابی سے ہمکنارکرکے ایم کیوایم پرلگائے جانے والے تمام من گھڑت، بیہودہ الزامات اوراس کے میڈیاٹرائل کو مسترد کردیاہے۔

آج ایک بارپھر عوام نے ایم کیوایم کو اپنامینڈیٹ دے کرثا بت کردیا کہ حق پرست عوام اورایم کیوایم لازم وملز وم ہیں۔ الطا ف حسین نے کہاکہ وہ تمام ایم کیوایم دشمن عناصر جوگزشتہ کئی ماہ سے ایم کیوایم کاگراف گرنے اوراس کی مقبولیت ختم ہونے کاپروپیگنڈہ کررہے تھے اوریہ کہتے پھر رہے تھے کہ عوام نے الطاف حسین کاساتھ چھوڑدیاہے، الطاف حسین کی گرفت کمزورہوگئی ہے میں ان تمام لوگوں سے کہتاہوں کہ عوام اورالطاف حسین کارشتہ ایک ایسارشتہ ہے جس کو متعصب عناصر نہ کل سمجھ سکے تھے اورنہ آج سمجھ سکتے ہیں۔

الطاف حسین اورحق پرست عوام کایہ رشتہ جسم وجان کارشتہ ہے ۔یہ روح سے روح کا ایسا رشتہ ہے جو نہ میڈیاٹرائل سے کمزور ہوسکتاہے نہ ہی ریاستی ظلم وبربریت اسے ختم کرسکتی ہے۔ شہری سنی سندھ کے عوام کونہ ہی مائنس فارمولا قبول ہے اورنہ ہی وہ ایم کیوایم سے دورہوسکتے ہیں۔ اسی لئے کہتاہوں کہ زبان خلق کو نقارہ خدا سمجھو ۔ الطاف حسین نے کہاکہ گزشتہ کئی ماہ سے کراچی آپریشن کے نام پر ایم کیوایم کے کارکنان وعوام پر عرصہ حیات تنگ کیا گیا ہے ۔

نائن زیرو، میری بیوہ بڑی بہن اور ایم کیوایم کے مرکز پر چھاپے مارے گئے ،کراچی میں گھرگھر چھاپے گرفتاریاں کی گئیں ،سینکڑوں بے گناہ کارکنان کو گرفتارکرکے جھوٹے مقدمات میں ملوث کرکے قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرنے پر مجبورکیا گیا ۔ آج بھی ایم کیوایم کے درجنوں کارکنان مختلف جیلوں میں اذیتیں برداشت کررہے ہیں۔ ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان اور ہمدردوں کی گرفتاریوں کاسلسلہ جاری ہے۔

لیکن ریاستی طاقت کے ناجائز استعمال کے باوجود ایم کیوایم کے کارکنان وہمدرد عوام کو خوف زدہ نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے کہاکہ این اے 246کے ضمنی الیکشن سے قبل علاقے میں خوف وہراس پھیلایاگیا ۔کراچی کے ضلع وسطی میں دفعہ 144 نافذکردی گئی ، متوسط طبقہ کے اس علاقے میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ۔صرف کراچی کے شہریوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی جیب میں اصل شناختی کارڈز رکھ کر چلیں ۔

غیرقانونی اسلحہ پورے ملک میں موجود ہے لیکن یہ حکم صرف کراچی میں دیا گیا ہے کہ دس دن کے اندراندر غیرقانونی اسلحہ جمع کروایا جائے ورنہ غیرقانونی اسلحہ رکھنے والوں کو 14 سال قید کی سزا سنائی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ آج ہر پولنگ اسٹیشن اورپولنگ بوتھ کے اندراورباہر رینجرزتعینات کی گئی ۔ عوام کو ہراساں کیا گیا،انہیں مختلف طریقوں سے تنگ کیا گیا ،انہیں ڈرایا دھمکایا گیا ۔

انہیں ووٹ ڈالنے سے روکاگیا۔ان کے خلاف تاخیری حربے استعمال کیے گئے لیکن عوام نے تمام تر رکاوٹوں ،مشکلوں،پریشانیوں، اور زیاتیوں کے باوجود آج ہمت ، جرات ، بہادری اورثابت قدمی کا وہ مظاہرہ کیا ہے جس کا کوئی تصور نہیں کرسکتا تھا ۔ الطا ف حسین نے ماؤں ،بہنوں، بزرگوں،نوجوانوں اور معصوم بچوں اور بچیوں کو شاباش کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے جس جرات، ہمت اور بہادری کے ساتھ تمام تر مظالم اور سختیوں کا سامنا کیا لیکن باطل قوتوں کے آگے اپنا سر نہیں جھکایا ،کسی ظلم سے خوفزدہ نہ ہوئے اور حق پرستی کی جدوجہد پر گامزن رہے اس پر الطاف بھائی کے پاس تمہارا شکریہ ادا کرنے کیلئے الفاظ نہیں ہیں ۔

الطاف حسین کارکنوں کومخاطب کر کے انہیں شاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ کہتا رہا ہوں کہ پرعزم اور بہادر کارکنان و عوام میرا فخر ہیں اور آج تم نے ایک مرتبہ پھر اپنے الطاف بھائی کا سر فخرسے بلند کردیا ہے ،تم نے انسان ہوکر جنوں کی طرح کام کیا ہے ،اس پر دنیا کی تمام دولت بھی اگرمیں تمہیں دے دوں تو وہ بھی تمہارا انعام نہیں ہوسکتی۔

الطاف حسین نے کہاکہ آج 80، 80 …… 90، 90 سال کے بزرگوں اور ماؤں نے اپنی تمام ترضعیف العمری ، ناتوانی اورعلالت اور اپنی معذوری کے باوجودوھیل چیئرپرجاکرایم کیو ایم کوووٹ دیے اورایم کیوایم کوکامیاب کرایا جس پر میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ آج کی کامیابی تحریک کے شہیدوں کی قربانیوں کی بدولت ہے جنہوں نے تحریک کی خاطر اپنی جان دیدی لیکن تحریک کاساتھ نہیں چھوڑا۔

یہ عظیم الشان فتح وقاص علی شاہ شہید سمیت تمام شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے ۔ اﷲ تعالیٰ تمام شہدا ء کے درجات بلند کرے اور سوگوار لواحقین کو صبرجمیل عطا کرے ۔آج کی کامیا بی میرے ان پرعزم اور وفادارساتھیوں کے نام ہے جنہوں نے گرفتاریوں کے بعد سرکاری حراست میں وحشیانہ تشدد برداشت کیا،سرکاری اہلکاروں کا غیرانسانی سلوک برداشت کیا لیکن اپنی تحریک سے بے وفائی نہیں کی ،جوآج بھی سرکاری حراست میں ہیں یاجیلوں میں اسیر ہیں لیکن ثابت قدم ہیں اورتحریک کے ساتھ ہیں ۔

میں تمام اسیر کارکنان کو ان کی قربانیوں پر زبردست خراج تحسین اورسلام پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ آج کی کامیابی ان بہادر، پرعزم ، وفادار ساتھیوں کی محنت کی بدولت ہے جو تمام تر جبروستم اورمصائب ومشکلات کے باوجود تحریک کیلئے رات دن کام کررہے ہیں۔ میرے پیارے میری جان اورمیرامان ہیں اورمیں انہیں سیلوٹ پیش کرتاہوں۔ الطا ف حسین نے آج کی فتح پرایم کیوایم کے امیدوارکنورنوید جمیل کودلی مبارکباد پیش کی ۔

انہوں نے جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کو بھی پھرپورالیکشن مہم چلانے پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہاکہ ان جماعتوں کے رہنماؤں نے ہمیں بہت برابھلا کہا، جھوٹے جھوٹے الزامات لگائے ، اہلیان کراچی کو زندہ لاش تک کہہ دیا لیکن آج اہلیان کراچی نے ثابت کردیا کہ ہم زندہ لاشیں نہیں بلکہ جیتے جاگتے وہ لوگ ہیں جنہیں کوئی ظلم کوئی طاقت ، ریاست کا کوئی ہتھکنڈہ نہ تو جھکاسکتا ہے اور نہ دباسکتا ہے۔

الطاف حسین نے کہاکہ وہ تمام ایم کیوایم مخالف عناصر جنہوں نے آج تک ایم کیوایم کامینڈیٹ تسلیم نہیں کیا، جویہ بہتان لگاتے آئے ہیں کہ ایم کیوایم کامینڈیٹ جعلی ہے ،ایم کیوایم دھاندلی سے ووٹ حاصل کرتی ہے میں ان سے کہتا ہوں کہ آپ نے فوج لگاکر دیکھ لی ،رینجرز کی نگرانی میں الیکشن کراکر دیکھ لئے ، پولنگ اسٹیشن اور پولنگ بوتھ کے اندراورباہررینجرزلگاکر دیکھ لی ، پولنگ اسٹیشن کے اندرسی سی ٹی وی کیمرے لگالئے ،ووٹو ں کی گنتی بھی رینجرزکی نگرانی میں کرالی ،سب کچھ کرکے دیکھ لیا،پھر بھی ایم کیوایم بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئی ، کیا اب بھی آپ یہ کہیں گے کہ ایم کیوایم کامینڈیٹ جعلی ہے؟ کیااب بھی آپ یہ کہیں گے کہ ایم کیوایم دھاندلی سے جیتی ہے ؟ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم نے ہمیشہ دوسروں کوملنے والے مینڈیٹ کوتسلیم کیا ہے ،خدارا ایم کیوایم کوملنے والے مینڈیٹ کو بھی دل سے تسلیم کیاجائے ،اس کو نفرت وتعصب کی بھینٹ نہ چڑھایاجائے ، اس کو طاقت کے ذریعے کچلنے کی روش ختم کی جائے ، ایم کیوایم کے وجود کو تسلیم کیاجائے ۔

لوگ پاگل نہیں ہیں جوگزشتہ 28برسوں سے تمام ترریاستی مظالم ، جبروستم ، سازشوں اورگھناؤنے پروپیگنڈوں کے باوجود ایم کیوایم کواپنامینڈیٹ دے رہے ہیں۔ایم کیوایم ڈرائنگ روم کی پارٹی نہیں بلکہ کروڑوں جیتے جاگتے محروم انسانوں کی نمائندہ عوامی جماعت ہے ،خداراان کروڑوں عوام کے دردکو سمجھنے کی کوشش کی جائے ۔خدارامہاجرعوام کے زخموں پر مرہم رکھاجائے ، انہیں ان کے جائزحقوق دیئے جائیں،انہیں بھی برابر کا پاکستانی سمجھاجائے ۔

مہاجروں کیلئے ’’بھوکے ننگے، کالے کلوٹےء تلیئر،مکڑ، مٹروے اورزندہ لاشیں‘‘ جیسے توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے اور انہیں گالیاں دینے سے گریز کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ، اﷲ تعالیٰ کی تائید اور عوام کی حمایت سے این اے 246 کے ضمنی انتخاب میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئی ہے جس پر میں حلقہ کی تمام ماؤں ، بہنوں، بزرگوں اور نوجوانوں کو مبارکبادپیش کی ۔

انہوں نے کہاکہ عوام نے ایک مرتبہ پھر ایم کیوایم کے انتخابی نشان ’’پتنگ ‘‘ پر اپنے اعتماد کی مہر لگا کرکے ثابت کردیا کہ وہ ماضی کی طرح آج بھی ایم کیوایم کے پرچم تلے متحد ومنظم ہیں ۔ انہوں نے ایم کیوایم کے کامیاب ہونے والے امیدوارکنورنوید جمیل کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ آج کے بعد اپنے حلقہ کے تمام لوگوں کے نمائندے ہیں چاہے ان کا تعلق کسی بھی سیاسی یامذہبی جماعت سے ہو۔

آپ صرف مہاجروں کے نہیں بلکہ پنجابیوں ، سندھییوں، پختونوں، بلوچوں، ہزاروال، کشمیریوں، گلگتی، بلتستانی، سرائیکیوں کے نمائندے بھی ہیں۔ آپ شیعہ ، سنی، بریلوی، اہلحدیث، دیوبندی اور دیگر مکاتب فکرکے نمائندے ہیں ۔ہندو، عیسائی، سکھ، پارسی، احمدی سب کے نمائندے ہیں ، آپ سب کی بلاامتیاز وتفریق خدمت کرنا اور ان کے مسائل حل کرنا نومنتخب رکن قومی اسمبلی کا بنیادی فرض ہے ۔

الطاف حسین نے کہاکہ ضمنی الیکشن میں عوام جن جماعتوں کو مسترد کرچکے ہیں ان کے رہنماؤں کو معلوم ہونا چاہئے کہ سوشل میڈیا اور جلسے جلوس میں سیاستدانوں ، دانشوروں ، تجزیہ نگاروں اور اینکرپرسنز کو مغلظات بکنے سے عوام کے دلوں میں گھر نہیں کیا جاتا،عوام کے دلوں کو تسخیر کرنے کیلئے خدمت کی جاتی ہے اور خلق خدا کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے۔

الطا ف حسین نے کراچی کے مسائل کاذکرکرتے ہوئے کہاکہ کراچی ، پاکستان کا سب سے بڑا اوردنیا کا ساتواں بڑا شہر ہے جس کی آبادی سوا دوکروڑ سے تجاوز کرچکی ہے ۔یہ شہر ، پاکستان کے قومی خزانے کو سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرتا ہے ، اس شہر کے ٹیکسوں سے ملک چلتا ہے لیکن بدقسمتی سے اس شہر کو ہر دورحکومت ،بری طرح نظرانداز کرتی چلی آئی ہے ۔کراچی زخم خوردہ ہے، اس کے زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے۔

اس شہر کو پانی ، بجلی، صفائی کے نظام، پلوں، فلائی اوورز اور ٹرانسپورٹ کے نظام کی ضرورت ہے ۔لندن ، دہلی، لاہور، نیویارک اورپیرس سمیت دنیا کے تمام بڑے شہروں میں ماس ٹرانزٹ سسٹم موجود ہے لیکن کراچی اس ماس ٹرانزٹ سسٹم سے محروم ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں فوری طورپر ماس ٹرانزٹ سسٹم لایاجائے اور کراچی سرکلر ریلوے کو بحال کیاجائے ۔

انہوں نے کہاکہ مقامی حکومتوں کا نظام جمہوریت کی نرسری ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ آج تک کسی بھی جمہوریت کی دعویدار حکومت کی جانب سے مقامی حکومت کے قیام کیلئے بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گئے جس کی وجہ سے ملک بھرکے عوام اپنے بنیادی مسائل کے حل کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ملک بھرمیں فراہمی آب اورنکاسی آب کا نظام تباہی کاشکار ہے ۔ لوڈشیڈنگ کے باعث ملک بھرکے عوام شدید ذہنی کرب واذیت کاشکار ہیں۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے پرزو ر مطالبہ کیاکہ عوام کے بنیادی مسائل کے فوری حل کیلئے کراچی سمیت ملک بھر میں جلدازجلد بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں اور 2001ء کا بلدیاتی نظام بحال کیاجائے۔کراچی میں امن عامہ کی صورتحال بہتر بنانے ، پولیس اور شہریوں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ اور جرائم کی روک تھام کیلئے شہر کے تمام تھانوں میں مقامی پولیس کے نظام کو عمل میں لایاجائے اور ہرتھانے کے ایس ایچ او کی تعیناتی میں مقامی شہری کو فوقیت دی جائے ۔

کراچی میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے K-4 منصوبہ التواء کا شکار ہے اور حکومت کی جانب سے اس منصوبہ کی تکمیل کیلئے تساہلی سے کام لیا جارہا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے K-4 منصوبہ جلد ازجلد تکمیل کیاجائے ۔

متعلقہ عنوان :