گرینیڈا ٹیسٹ:ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کی انگلینڈ کیخلاف مزاحمت جاری

ہفتہ 25 اپریل 2015 11:56

گرینیڈا ٹیسٹ:ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کی انگلینڈ کیخلاف مزاحمت جاری

سینٹ جارج (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار25اپریل۔2015ء) ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کی انگلینڈ کیخلاف مزاحمت کا سلسلہ جاری ہے جنہوں نے دباؤ کے باوجود اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹیں گنوا کر 202 رنز سکور کر لئے تھے اور ہوم ٹیم کو 37رنز کی برتری حاصل ہو چکی تھی ۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز چھ وکٹوں پر 373 رنز کے ساتھ دوبارہ شروع کی تو گرتی ہوئی وکٹوں کے باوجود جو روٹ کا حوصلہ نہ ٹوٹ سکا جنہوں نے سترہ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 182 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 464 رنز تک پہنچادیا۔

دیوندرا بشو نے چار جبکہ شینن گبرائیل نے دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ ویسٹ انڈیز نے 165 رنز کے خسارے کے ساتھ اپنی دوسری اننگز شروع کی تو ڈیون سمتھ صرف دو رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہو گئے لیکن کریگ براتھویٹ نے ڈیرن براوو کے ساتھ مل کر سخت مزاحمت کی اور دوسری وکٹ کیلئے 142 رنز کی شراکت نے ہوم ٹیم کی مشکلات کسی حد تک ختم کر دیں ، ان کی بہترین بیٹنگ کی وجہ سے پہلی اننگز کی انگلش برتری ختم ہو گئی۔

(جاری ہے)

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب ڈیرن براوو بھی بارہ چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنا کر میدان چھوڑ گئے ۔ کریگ براتھویٹ کو اس کے بعد مارلن سیمیولز کا ساتھ مل گیا جنہوں نے کھیل کے اختتام تک ٹیم کا سکور دو وکٹوں پر 202 رنز تک پہنچا دیا۔ کریگ براتھویٹ دس چوکوں کی مدد سے 101 رنز جبکہ مارلن سیمیولز 22 رنز پر کھیل رہے تھے اور ان کی ٹیم کو 37 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔