پاکستان میرا دوسرا گھر اور پاکستانی بھائی ہیں ، امام کعبہ

ہفتہ 25 اپریل 2015 13:54

پاکستان میرا دوسرا گھر اور پاکستانی بھائی ہیں ، امام کعبہ

لاہور/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) پاکستان میرا دوسرا گھر اور پاکستانی بھائی ہیں ،پاکستانی دینی مدارس سے پڑھے ہوئے قراء کرام میرے اور حرمین الشریفین کے دیگر ائمہ کرام کے استاذ ہیں ،حرمین شریفین اور سعودی عرب میں تحفیظ القرآن کے حلقات پاکستانی دینی مدارس کا فیض ہے ،میرے نزدیک پاکستان اور سعودی عرب میں کوئی فرق نہیں ان خیالات کا اظہار اما م کعبہ فضیلة الشیخ خالد الغامدی نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

پاکستان کے دینی مدارس کی سب سے بڑے نیٹ ورک وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی طرف سے مقامی ہوٹل میں امام کعبہ کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب انعقاد پذیر ہوئی جس میں ملک بھر کے اکابر علماء کرام مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،مولانامحمد حنیف جالندھری ،مولانا انوارا لحق ،مولانا فضل الرحیم ،مولانا مفتی محمد طیب فیصل آباد ،مولانا امجد خان ،مولانا قاضی عبدالرشید ،مولانا مشرف علی تھانوی ،مولانا قاری محمد یسین ،مولانا زبیر احمد صدیقی ،مولانا پیر سیف اللہ خالد ،مولانا قاری محمد یونس کشمیری،مولانا احمد حنیف،مولانا نعمان حامد اورمولانا عبدالقدوس محمدی سمیت ملک بھر کے جید علماء کرام کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔

(جاری ہے)

امام کعبہ کے وفد میں سعودی سفیر جاثم الخالدی ،نائب سفیر بدرالعتیبی ،مدیر مکتب الدعوة ابو سعد الدوسری اور استاذ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر قاری الیاس شامل تھے ۔اس موقع پر وفاق المدار س العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری اور تقریب کے روح روان مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جس میں انہوں نے معزز مہمان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کی دینی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور پاکستانی عوام کی ارض حرمین سے والہانہ محبت اور پاک سعودیہ دیرینہ دوستی کو اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام خاص طور پر پاکستان کے لاکھوں علماء وطلباء کے دل سعودی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔

مولانا جالندھری نے کہا کہ حرمین شریفین کے دفاع اور سعودی عرب کی سلامتی اور امن کے لییہم ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے اتحاد واتفاق کے لیے سعودی عرب قائدانہ کردار اداکرے۔وفاق المدارس کے نائب صدراور جامعہ اسلامیہ علامہ بنوری ٹاون کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندرنے اپنے خطبہ صدارت میں وفاق المدارس کی پاکستان اور بیرون پاکستان خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیااور کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ سعودی بھائیوں کے ساتھ ہے۔

استقبالیہ تقریب میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا قاضی عبدالرشید نے سعودی عرب کے دفاع کے لیے اپنا تن من دھن قربان کرنے کا اعلان کیا ،وفاق المدارس جنوبی پنجاب کے ناظم مولانا زبیر احمد صدیقی نے کہا کہ پاکستان کی ہر مسجد اور مدرسہ میں ارض حرمین کی سلامتی کے لیے دعاوں کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اگر ضرورت پڑی تو کسی قربانی سے گریز نہیں کریں گے ۔

تقریب سے مولانا ڈاکٹر قاری الیاس نے انتہائی فصحیح عربی میں خطاب کیا ۔تقریب کے آخرمیں معزز مہمان نے پاکستان کے دینی مدارس خاص طورپر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی دینی ،تعلیمی اور اسلامی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کے دینی مدارس سے تعلیم حاصل کرنے والے قراء میرے استاذ ہیں اور میرے علاوہ حرمین شریفین کے دیگر ائمہ وخطباء نے بھی پاکستانی اساتذہ کرام سے قرآن کریم پڑھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین اور سعودی عرب میں تحفیظ القرآن کے حلقات کا سلسلہ شروع کرنے کا کریڈٹ بھی پاکستان کے دینی مدارس کے فیض یافتگان کو جاتا ہے ۔امام کعبہ فضیلة الشیخ خالد الغامدی نے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر اور پاکستانیوں کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں اور ان کی نظر میں پاکستان اور سعودی عرب میں کوئی فرق نہیں ۔

متعلقہ عنوان :