صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے سکیورٹی خدشات کو مسترد کردیا

لاہور میں سکیورٹی کا کوئی خطرہ نہیں، زمبابوے کرکٹ ٹیم کو وی وی آئی پی سکیورٹی دیں گے ‘ رانا مشہود احمد خان کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 25 اپریل 2015 20:11

صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے دورہ کے حوالے سے سکیورٹی خدشات کو مسترد کردیا ہے، قذافی سٹیڈیم میں پاکستان بحریہ اور پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ لاہور میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں، ان دنوں غیرملکی ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں، اس وقت بھی تین غیرملکی ٹیمیں پاکستان میں ہیں، ان میں ڈیف کرکٹ کی بھارت، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں ایشیا کپ لاہور میں کھیل رہی ہیں،تمام ٹیمیں پاکستان میں سکیورٹی کے حوالے سے اقدامات سے خوش ہیں، یہ ہمارے دعوے کا ثبوت ہے، انہوں نے زمبابوے کے حکام سے کہا کہ وہ اپنی ٹیم بلا ہچکچاہٹ پاکستان بھیجیں، پنجاب حکومت معزز ٹیم کو وی وی آئی پی سکیورٹی فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

تقریب کے آخر میں صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے ونر اور رنر اپ کھلاڑیوں کو میڈل اور ٹرافیاں دیں جبکہ نیوی کے سٹیشن کمانڈر کی جانب سے وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کو شیلڈ دیں۔