سنیل گواسکر نے پریمیر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے صدر کے طورپر خدمات کا 1.90کروڑ انڈین روپے معاوضہ طلب کرلیا

منگل 28 اپریل 2015 11:53

سنیل گواسکر نے پریمیر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے صدر کے طورپر خدمات کا ..

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء)سابق کپتان سنیل گواسکر نے گزشتہ سال انڈیا اور یو اے ای میں منعقد ہونے والی پرکشش انڈین پریمئر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے صدر کے طور پر خدمات کا 1.90 کروڑ انڈین روپے معاوضہ طلب کرلیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے گواسکر کوبی سی سی آئی ‘آئی پی ایل کا صدر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ بورڈ انہیں ذمہ داری ادا کرنے کا مناسب معاوضہ ادا کرے کیونکہ وہ آئی پی ایل سیزن کے دوران اپنی دوسری میڈیا مصروفیات سے دور رہیں گے۔

(جاری ہے)

ورکنگ کمیٹی میں باوثوق ذرائع کے مطابق گواسکر نے ایک خط کے ذریعے معاوضہ مانگا ۔ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شریک بی سی سی آئی کے ایک سینئر رکن نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ گواسکر نے خط میں 1.90کروڑ روپے مانگے ہیں۔یہ رقم اس عرصہ میں ٹی وی کمنٹری، کالم نویسی اور میڈیا پنڈت کے طور پر کام کرنے پر ملنے والے معاوضی جتنی ہے۔جب ذرائع سے پوچھا گیا کہ معاوضہ ادا کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے تو انہوں نے کہا کہ ابھی تک نہیں لیکن ظاہر ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی وجہ سے انہیں معاوضہ ادا کیا جانا ضروری ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ خط مالی کمیٹی کے سامنے رکھا جائے گا جو بعد میں ادائیگی کی منظوری دے گی۔