آئی پی ایل:سن رائزرز حیدرآباد کی کنگز الیون پنجاب پرفتح

منگل 28 اپریل 2015 11:57

آئی پی ایل:سن رائزرز حیدرآباد کی کنگز الیون پنجاب پرفتح

موہالی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار28اپریل۔2015ء) آئی پی ایل سیزن آٹھ کے ستائیسویں میچ میں سن رائزرز حیدرآباد نے کنگز الیون پنجاب کو بیس رنز سے مات دے دے دی،فاتح ٹیم کی جانب سے مین آف دی میچ ٹرینٹ بولٹ نے تین کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا جبکہ کپتان ڈیوڈ وارنر نے شاندار نصف سنچری سکور کی ۔ پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم میں کنگز الیون پنجاب نے ٹاس جیت کر فیلڈ سنبھالی تو سن رائزرز حیدرآباد کے شیکھر دھون ایک اور ہنوما وہاری 9 رنز پر برخاست کر دیئے گئے مگر ڈیوڈ وارنر کی جارح مزاجی کو نہ روکا جا سکا جنہوں نے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 58 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو سنبھال لیا۔

موائزز ہین ریکس نے تیس،نمن اوجھا نے 28 اور اشیش ریڈی نے ناقابل شکست 22 رنز کا اضافہ کر کے اپنی ٹیم کو 6 وکٹوں پر 150 رنز تک پہنچا دیا۔

(جاری ہے)

پنجاب کے مچل جانسن اور اکشر پٹیل نے 2،2 کھلاڑی آؤٹ کئے ۔ کنگز الیون پنجاب کی ٹیم اننگز کی شروعات سے ہی وکٹیں گنواتی چلی گئی اور ابتدائی اپنچ کھلاڑیوں میں سے جارج بیلی کو 22 رنز بنانے کا موقع مل سکا۔ وکٹ کیپر وریدھمان ساہا نے 2 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 42 رنز کی اننگز تخلیق کی جبکہ اکشر پٹیل نے بھی 17 رنز بنائے مگر ان کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 130رنز تک محدود رہی اور 20 رنز سے میچ ہار گئی۔ مرد میدان ٹرینٹ بولٹ نے 3 جبکہ بھوونیشور کمار نے 2 کھلاڑی آؤٹ کر کے فتح کو یقینی بنایا ۔

متعلقہ عنوان :