کوئی بھی چیلنج پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتا ، ملک سے دہشتگردوں کا نیٹ ورک ختم کردینگے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابیوں سے ملک میں امن وامان کی صورتحال بہترہورہی ہے، پاکستان کے اندر اور باہر قیام امن ہماری ترجیح ہے

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی کور ہیڈ کوارٹرز بہاولپور کے دورہ کے موقع پرفوجی افسران سے ملاقات میں گفتگو

منگل 28 اپریل 2015 18:59

کوئی بھی چیلنج پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتا ، ملک سے ..

بہاولپور/راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہاہے کہ ، کوئی بھی چیلنج پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتا ، ملک سے دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو ختم کردیں گے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں سے ملک میں استحکام اور امن وامان کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے ، پاکستان کے اندر اور باہر قیام امن ہماری ترجیح ہے ۔

وہ منگل کو یہاں کور ہیڈ کوارٹر زبہاولپور کے دور ہ کے موقع پرفوجی افسران سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور ہیڈ کوارٹر زبہاولپور کا دورہ کیا اوروہاں فوجی افسران سے ملاقات کی ۔ آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افسران کو پیشہ ورانہ کامیابیوں اور قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں سے ملک میں استحکام آرہا ہے ۔ فاٹا میں موجود دہشتگردوں کا ملک کے باقی حصوں سے رابطہ توڑ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنا ناممکن نہیں ، ہمیں پاکستان کو لیکر آگے بڑھنا ہے ، کوئی بھی چیلنج پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتا ۔ آرمی چیف نے کہا کہ آپریشن سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہورہی ہے ۔ ملک میں دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو ختم کردیں گے ۔ پاکستان کے اندر اور باہر قیام امن ہماری ترجیح ہے ۔ پاکستان کے نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہے ، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور عزت کی جانی چاہیے ۔