4 ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے قومی ہاکی ٹیم آسٹریلیا روانہ ہوگئی

بدھ 29 اپریل 2015 11:41

4 ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے قومی ہاکی ٹیم آسٹریلیا روانہ ہوگئی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29اپریل۔2015ء) 4 ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے قومی ہاکی ٹیم آسٹریلیا روانہ ہوگئی،پلیئرز گذشتہ شب لاہور سے کراچی پہنچے جہاں سے ان کی براستہ دبئی ہوبارٹ روانگی شیڈول تھی جبکہ کپتان محمد عمران پْرامید ہیں کہ ٹورنامنٹ میں شرکت سے ٹیم کو اولمپک کوالیفائنگ راوٴنڈ کی تیاریوں میں بھر پور مددملے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر حکومت پنجاب نے قومی ٹیم کے آسٹریلیا میں شیڈول چارملکی ٹورنامنٹ کے اخراجات اٹھانے کی ذمہ داری قبول کرلی اور اس ضمن میں پی ایچ ایف کو92 لاکھ 43 ہزارروپے کے فنڈز موصول ہوگئے پنجاب اسپورٹس بورڈ کی طرف سے 86لاکھ 13ہزار روپے سفری اخراجات ‘ 6لاکھ 30ہزارروپے ہوٹل اور کیمپ کیلئے جاری کیے گئے۔

میڈیا سے بات چیت میں اختر رسول نے کہاکہ آسٹریلیا دنیا کی نمبر ون ٹیم اور اس کے مقابلے میں پاکستان کی رینکنگ کافی کم ہے، البتہ دونوں ٹیموں کے مابین ماضی میں ہمیشہ کانٹے دار مقابلے ہوئے جس کے بعد کامیابی کے یکساں مواقع ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ہمارے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، ہم نے چیمپئنز ٹرافی کے بعد کسی ایونٹ میں حصہ نہیں لیا، دوسری جانب چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں شریک دیگر ٹیمیں مسلسل چلی کھیلتی آرہی ہیں۔

پاکستان میں سخت گرمی جبکہ آسٹریلیا میں سردی کا موسم ہے،کنڈیشنز کا فرق پڑیگا تاہم کوشش کریں گے کہ ٹیم جلد ازجلد ہم آہنگ ہوجائے، انھوں نے کہا کہ رضوان سینئر اور راشد محمود ہالینڈ میں لیگ کھیلنے کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں ہیں جس سے فرق پڑے گا ان کی جگہ 2 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے،قومی کپتان نے کہاکہ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں لگنے والے تربیتی کیمپ میں ٹیم کی کمزوریوں پر کافی حد تک قابو پانے کی کوشش ہوئی فزیکل فٹنس ،فنشنگ اور گول مسنگ پر زیادہ کام کیا گیا،ہم چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں مختلف کمبی نیشن آزمائیں گے۔

واضح ر ہے کہ 2 مئی سے 10 مئی تک آسٹریلیا میں شیڈول 4 ملکی ٹورنامنٹ کیلئے قومی سلیکشن کمیٹی محمد عمران کی قیادت میں18 رکنی ٹیم کا اعلان پہلے ہی کر چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :