الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تفصیلات جاری کردیں ، پولنگ سٹیشنز پرفوج کی تعیناتی کا فیصلہ

بدھ 29 اپریل 2015 18:40

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تفصیلات جاری ..

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29اپریل۔2015ء ) الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تفصیلات جاری کردیں ، خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، الیکشن کمیشن جلد سیکیورٹی اہلکاروں کیلئے وزرارت داخلہ سے رابطہ کرے گا۔ بدھ کو سیکرٹری الیکشن کمیشن نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ فوج کی تعیناتی کے علاقوں کا فیصلہ صوبائی حکومت کرے گی ، اسلام آباد میں موجود ایف سی کو ڈیوٹی کیلئے وزارت داخلہ سے رابطہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا کیلئے ایف سی کی ایک بٹالین ڈیوٹی سرانجام دے گی ، خیبرپختونخوا کے 24 ضلعوں میں انتخابات ہوں گے ، ضلع کوہستان میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے ، بلدیاتی انتخابات کیلئے 11 ہزار 117 پولنگ سٹیشنز قائم کیے جائیں گے اور حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کا تعین کرنے کے بعد فوج تعینات کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کیلئے 93 ہزار 232 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے جبکہ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعینات 1 کروڑ 30 لاکھ 32 ہزار 759 ہے بلدیاتی انتخابات کیلئے 7 کروڑ بیلٹ پیپر چھاپے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات 30 مئی کو ہوں گے ۔