پی سی بی نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کر دیا

دونوں ٹیموں کے درمیان 22سے 31مئی تک 2ٹی ٹونٹی اور 3ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے زمبابوے کی سکیورٹی ٹیم 4مئی کو لاہور آئیگی ،کوچ وقار یونس کے مستقبل کا فیصلہ ٹھنڈے دماغ سے کریں گے‘ شہریار خان

جمعرات 30 اپریل 2015 17:10

پی سی بی نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کر دیا

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 22سے 31مئی تک 2ٹی ٹونٹی اور 3ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے،زمبابوے کی سکیورٹی ٹیم 4مئی کو لاہور آئے گی جبکہ کوچ وقار یونس کے مستقبل کا فیصلہ ٹھنڈے دماغ سے کریں گے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہریار خان نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ زمبابوے کی سکیورٹی ٹیم 4مئی کو لاہور آئے گی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے گی جس کے بعد زمبابوے کی کرکٹ ٹیم 19مئی کو پاکستان کے دورے پر پہنچے گی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔

(جاری ہے)

دورے کے پہلے مرحلے میں دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل 22اور 24مئی کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد 26، 29اور 31مئی کو ون ڈے انٹرنیشنل ہوں گے۔یہ تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے ۔زمبابوے کی ٹیم یکم جون کو وطن روانہ ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مہمان ٹیم کی سکیورٹی کے حوالے سے چیف سیکریٹری پنجاب سے بات ہوئی ہے جبکہ وزیر اعلی شہباز شریف نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

شہریار خان نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیم کا دورہ پاکستان انتہائی اہم ہے جس سے ہمیں بہت فائدہ ہوگا اور ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھلیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ وقار یونس کے مستقبل کا فیصلہ ٹھنڈے دماغ سے کرنا چاہتے ہیں۔ اس پر وہ ٹیم منیجر اور ٹیسٹ، ون ڈے کپتانوں سے بات کریں گے۔ جبکہ شاہد آفریدی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ اونچی ہستی ہیں اس لئے انہیں شان و شوکت سے رخصت کیاجائے گا۔