حکومت کا اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی تجویز کے باوجود قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

ٹیکس اور پٹرولیم لیوی میں ایڈجسٹمنٹ کے بعد نئے مہینے کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی ٗ اسحاق ڈار

جمعرات 30 اپریل 2015 21:17

حکومت کا اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی تجویز ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء) حکومت نے اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی تجویز کے باوجود مئی 2015ء کیلئے قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ٹیکس اور پٹرولیم لیوی میں ایڈجسٹمنٹ کے بعد نئے مہینے کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔

جمعرات کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے مطابق حکومت نے پٹرولیم کی تمام مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو اپریل 2015ء کی سطح پر برقرار رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس اور پٹرولیم لیوی میں ایڈجسٹمنٹ کے بعد نئے مہینے کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے باعث آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ہائی اوکٹین کی قیمت 9.43 روپے فی لیٹر ‘ مٹی کے تیل کی قیمت 2.11 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 3.38 روپے فی لیٹر تک بڑھانے کی سفارش کی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح اوگرا نے پٹرول کی قیمت ایک روپیہ فی لیٹر کمی کے ساتھ 74.29 روپے سے کم کرکے 73.29 روپے کرنے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 1.06 روپے کمی کے ساتھ 82.55 روپے فی لیٹر کرنے کی بھی تجویز دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔