امیشا پاٹیل کی فلموں کے بعد کمرشلز میں دلچسپی

جمعہ 1 مئی 2015 14:42

امیشا پاٹیل کی فلموں کے بعد کمرشلز میں دلچسپی

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم مئی۔2015ء) بالی ووڈ کی اداکارہ امیشا پاٹیل جو ان دنوں فلموں سے دور ہیں انہوں نے کمرشلز کا سہارا لینا شروع کر دیا ہے اور حال ہی میں انہوں نے ایک معروف جیولرز کی جانب سے متعارف کردہ سن گلاسز کا کمرشل شوٹ کرایا۔ اس حوالے سے امیشا پاٹیل نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے مجھے کسی فلم میں کام کرنے کا موقع نہیں ملا لیکن فلم بین عنقریب ان کو بڑی اسکرین پر دیکھیں گے تاہم انہوں نے کہا کہ میں نے فلموں سے کنارہ کشی اختیار نہیں کی ہے بلکہ یہ فیصلہ ضرور کیا ہے کہ صرف ان فلموں میں کام کروں گی جس میں میرا کیریکٹر میری مرضی کے مطابق ہوگا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کمرشلز میں کام کرنے کا اپنا ایک مزا ہے اور اب تک متعدد کمرشلز کر چکی ہوں لیکن حال ہی میں جیولرز کے کمرشل کو کر کے بہت انجوائے کیا۔ امیشا پاٹیل نے کہا کہ اس وقت بالی ووڈ میں نئی اداکاراوٴں کی بھرمار ہے اور پروڈیوسرز بھی نئی فنکاراوٴں کو اپنی فلموں میں کاسٹ کرنے کو اس لئے ترجیح دے رہے ہیں کہ انہیں کم بجٹ میں نئی اداکارائیں باآسانی مل جاتی ہیں جبکہ مجھ سمیت دیگر سینئر اداکارائیں معاوضے کے حوالے سے سمجھوتہ نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ عنقریب ایک فلم سائن کرنے جا رہی ہیں جس میں ان کی پسند کا کیریکٹر فائنل ہوا ہے۔