حوثیوں نے ایرانی طیاروں کے لیے گراؤنڈ کو ’رن وے‘ بنا دیا

ہفتہ 2 مئی 2015 12:39

حوثیوں نے ایرانی طیاروں کے لیے گراؤنڈ کو ’رن وے‘ بنا دیا

صنعاء ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 مئی۔2015ء )یمن میں حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعاء کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رن ویز پر بمباری اور ان کے ناقابل استعمال ہونے کے بعد شہر کے ایک بڑے گراوٴنڈ کو ہوائی جہازوں کے ’رن وے‘ میں تبدیل کردیا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مقامی میڈیا نے عینی شاہدین کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ حوثی میلشیا نے صنعاء ہوائی اڈے کے متبادل کے طور پر ”میدان السبعین“ کو ایرانی ہوائی جہازوں کے لیے ’رن وے‘ میں تبدیل کردیا ہے۔

گراؤنڈ میں لگے سیمٹی بلاک اور دیگر رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں تاکہ جہازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف میں کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے۔خیال رہے کہ حال ہی میں سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی ممالک کے طیاروں نے صنعاء کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بمباری کر کے اس کے رن وے اس وقت تباہ کردیے تھے جب مسلسل ایرانی جہازوں کی صنعاء آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

ایران سے آنے والے ہوائی جہازوں میں حوثی باغیوں کے لیے فوجی سازو سامان، اسلحہ اور دیگر ضروری اشیاء لاگئی گئی تھیں۔ رن وے کو تباہ کیے جانے کے بعد ایرانی جہازوں کی آمد کا سلسلہ بند ہوگیا ہے۔ حوثیوں نے اس کا متبادلہ راستہ تلاش کیا ہے اور ایک کھلے گراؤنڈ کو ہی ایئرپورٹ بنا دیا گیا ہے۔یمنی میڈٰیا کے ذرائع کے مطابق چند روز قبل ایرانی جہاز بمباری میں زخمی اور ہلاک ہونے والے حوثیوں اور سابق صدر علی صالح کے وفاداروں کو اٹھانے کے لیے صنعاء ہوائی اڈے پراترنا چاہتے تھے تاہم ایرانی طیاروں کی یہ کوشش ناکام بنا دی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق اتحادی طیاروں کی بمباری سے حوثی شدت پسندوں اور برطرف صدرعلی صالح کے وفادار ریپبلیکن گارڈز کے ایک اہم فوجی افسر سمیت بڑی تعداد میں جنگجو زخمی ہوگئے تھے۔ انہیں ایرانی طیاروں کی مدد سے علاج کے لیے تہران لے جانے کی کوشش کی گئی تھی۔یمن میں حوثیوں کے ہمراہ لڑنے والے ایرانی فوجیوں اور دیگر جنگجوؤں کی بڑی تعداد بھی مزاحمتی تنظیموں اور اتحادی طیاروں کی بمباری میں ہلاک ہوگئی تھی جن کی میتیں ایرانی ہوائی جہازوں کے ذریعے تہران لے جائی گئی ہیں۔ ایرانی جنگجوؤں اورفوجیوں کی زیادہ ہلاکتیں عدن، تعز اور اب شہروں میں ہوئی ہیں۔