کاشتکار دھان کی پنیری کی کاشت 20 مئی سے پہلے ہر گزشروع نہ کریں، ماہرین زراعت

ہفتہ 2 مئی 2015 12:42

کاشتکار دھان کی پنیری کی کاشت 20 مئی سے پہلے ہر گزشروع نہ کریں، ماہرین ..

مظفرگڑھ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 مئی۔2015ء)ضلع مظفر گڑھ میں 60ہزار سے زائد رقبہ پر دھان کی فصل کاشت ہوتی ہے۔ضلع میں کامیاب فصل کے حصول کیلئے کاشتکار ابھی سے حکمت عملی مرتب کر لیں۔ دھان کی فصل کو سنڈیوں کے حملہ سے بچانے کیلئے پنیری کی کاشت 20 مئی سے پہلے ہر گزشروع نہ کریں ۔ان خیالات کا اظہارمہر عابد حسین ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) مظفر گڑھ نے کاشتکاروں اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ دھان کے تنے کی سنڈیاں موسم سرما کو مڈھوں میں سرمائی نیند سو کر گزارتی ہیں۔ اپریل اور شروع مئی میں کاشتہ دھان کی پنیری پر منتقل ہو کر اپنی نسل میں اضافہ کرتی ہیں اور بعد ازاں دھان کی فصل پر حملہ آور ہو کر نقصان کا باعث بنتی ہیں۔ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت نے کہا کہضلع مظفر گڑھ میں دھان کے زیر کاشت رقبہ میں نمایاں اضافہ اورکاشتکاروں کیلئے نئی فصل ہونے کی وجہ سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ افسران اپنے عملہ کے ساتھ کاشتکاروں کی بھرپور رہنمائی کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

مہر عابد حسین نے کہا کہضلع مظفر گڑھ میں گزشتہ کچھ سالوں سے چاول کی فصل کے زیرکاشت رقبہ میں نمایاں اضافہہوا ہے اورگزشتہ سال ضلع بھر میں 60ہزارایکڑ سے زائد رقبہ پر چاو ل کی فصل کی کاشت ہو ئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چاول کی باسمتی اقسام 65 جبکہ موٹے چاول والی اقسام 100من فی ایکڑ تک پیداواری صلاحیت کی حامل ہیں ۔ ترقی پسند کاشتکار کھادوں و پانی کے بہتر استعمال اور نقصان رساں کیڑوں و بیماریوں کے بروقت انسداد سے یہ پیداواری صلاحیت حاصل کر رہے ہیں۔ لہذا عام کاشتکار بھی جدید سفارشات پر عمل کریں تاکہ وہ بہترین پیداوار کے حصول میں کامیاب ہوں۔