شادی کے ہوشربا اخراجات، 20 لاکھ سعودی غیرشادی شدہ

ہفتہ 2 مئی 2015 14:35

شادی کے ہوشربا اخراجات، 20 لاکھ سعودی غیرشادی شدہ

دمام(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مئی2015ء)سعودی عرب کی وزارت ِ معیشت و منصوبہ بندی کی جانب سے جاری کیے جانے والے حالیہ اعدادوشمار کے مطابق 14 لاکھ خواتین اور 6 لاکھ مرد ایسے ہیں جن کی اب تک شادیاں نہیں ہوسکی ہیں۔ کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی پر منعقدہ ایک ورکشاپ کے شرکاء نے اپنے دلائل میں سعودی شہریوں کی شادیوں میں تاخیر کی کئی وجوہات پیش کیں۔

اس میں شادی کے ہوشربا اخراجات ان وجوہات میں سرفہرست ہیں، اس کے بعد سماجی طبقے کے حوالے سے والدین کے پیدا کردہ مسائل، اور ممکنہ شریک حیات سے مردو خواتین کی غیرحقیقی توقعات ہیں۔ شادی کی ناکامی کا خوف بھی اہم وجوہات میں سے ایک ہے۔واضح رہےکہ یہ اس ملک کی صورتحال ہے، جس کے متعلق تصور ہے کہ وہاں ایک مرد کی چار بیویاں عام سی بات ہے۔

(جاری ہے)

لیکن بدلتے حالات نے معاشرتی صورتحال میں بڑی حد تک تبدیلی پیدا کردی ہے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی کے وقف ادارے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عصام کوثر نے کہا کہ یہ ورکشاپ اس مسئلے کے حل کی تلاش کے لیے منعقد کی گئی تھی، جو پورے سعودی معاشرے کے لیے پریشانی کا سبب بن گیا ہے۔ عصام کوثر نے کہا کہ شادی کے حوالے سے 45 خدشات موجود تھے، لیکن شرکاء نے چند وجوہات کو ہی اہمیت دی، جو لوگوں کی شادی میں تاخیر کا سبب بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میں شادی کے بعد کیریئر کے مواقعوں کو کھو دینے کا خوف، شریک حیات کا بعض جسمانی اور نفسیاتی مسائل کا پوشیدہ رکھنا، گھریلو تشدد اور شریک حیات کی زندگی میں ترقی سے حسد شامل ہیں۔