ڈینگی کیخلاف جنگ جیتنے کیلئے معالجین صفائی کے پیغام کو تحریک میں بدل دیں‘انجم حبیب وہرہ

عوام نیم حکیموں کے پاس جانے کی بجائے سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹروں سے مفت علاج کرائیں‘ پرنسپل پی جی ایم آئی

ہفتہ 2 مئی 2015 18:18

ڈینگی کیخلاف جنگ جیتنے کیلئے معالجین صفائی کے پیغام کو تحریک میں بدل ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 مئی۔2015ء) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے طب سے وابستہ افراد پر زور دیا ہے کہ شہریوں میں صفائی ستھرائی کا شعور اجاگر کرنے کے لیے صفائی کے پیغام کو زبردست تحریک میں بدل دیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ علاج کے لیے عطائیوں اور نیم حکیموں کے پاس جانے کی بجائے سرکاری ہسپتالوں کے مستند ڈاکٹروں سے رجوع کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں میں طبی و تشخیصی سہولیات 24گھنٹے مفت دستیاب ہیں۔ وہ گذشتہ روز لاہور جنرل ہسپتال کے کمیٹی روم میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں پروفیسر آغا شبیر علی، پروفیسر فرح شفیع، ایم ایس ڈاکٹر سعید صہوبن، ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ فرحت محبوب اور انتظامی ڈاکٹروں سمیت تمام شعبوں کے سربراہوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہاکہ ہسپتال میں داخل ہونے والے مریض کی ڈاکومنٹس ضروری ہے۔ لواحقین ڈاکٹروں کو اپنے مریض کی پوری ہسٹری فراہم کریں اور کوئی بات نہ چھپائیں تاکہ مریض کے اصل مرض کی تشخیص اور علاج میں تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے نرسنگ انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ مریضوں کے چارٹ ہر وقت مکمل رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کے علاج و رہنمائی کے لیے جنرل ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں قائم کاؤنٹر پر طبی عملہ 24گھنٹے موجود ہے جبکہ آؤٹ ڈور میں بھی صبح 8تا رات 8بجے تک ڈینگی کے علاج و تشخیص کے لیے ہسپتال کا سٹاف الرٹ ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے اپنے اپنے شعبوں میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے پرنسپل کو آگاہ کیا۔ پروفیسر انجم حبیب نے کہا کہ مریضوں ان کے لواحقین اور علاج پر مامور عملے کو ڈینگی وائرس سے بچانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر سپرے کیا جارہا ہے اور حفظان صحت کے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے معیارپر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا اور ڈینگی کے خطرات کے دنوں کے علاوہ پورے سال کے دوران سینٹری انسپکٹرز اور تمام عملہ صفائی متحرک رہے گا۔

متعلقہ عنوان :