الطاف حسین کی جانب سے را سے مدد مانگنے والی بات کوئی بھی محب وطن نہیں کرسکتا۔سید خورشیدشاہ

سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں کے خلاف غلط الفاظ استعمال کرنا مناسب نہیں، کے پی کے حکومت طوفانی بارشوں میں متاثرین کی مدد کرنے میں ناکام ہوچکی ہے،قائد حزب اختلاف

ہفتہ 2 مئی 2015 22:55

الطاف حسین کی جانب سے را سے مدد مانگنے والی بات کوئی بھی محب وطن نہیں ..

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 مئی۔2015ء ) قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ الطاف حسین کی جانب سے را سے مدد مانگنے والی بات کوئی بھی محب وطن نہیں کرسکتا، سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں کے خلاف غلط الفاظ استعمال کرنا مناسب نہیں ہے، کے پی کے حکومت طوفانی بارشوں میں متاثرین کی مدد کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، حکومت لانا آسان کام ہے حکومت چلانا انتہائی مشکل ہے، الفاظوں کی سیاست ہر کوئی کرلیتا ہے مگر سیاست میں عملی کام کرنا سب کی بس کی بات نہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کو سرحدوں کے محافظوں کے خلاف غلط الفاظ استعمال نہیں کرنے چاہیے تھے، جس کی مذمت تمام سیاسی پارٹیوں نے کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو پارلمنٹ کی مضبوطی کا اندازہ ہی نہیں ہے پارلمنٹ کی طاقت کا اندازہ ن لیگ حکومت کو ہوچکا ہے کہ ان کی جاتی ہوئی حکومت پارلیمنٹ نے ہی بچائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں25فیصد اضافہ کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تو کمی واقع ہوگئی تاہم روزمرہ کی اشیاء میں کمی نہ ہونے سے مہنگائی برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ سکھر کی حالت زار بہتر کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ سے اسپیشل پیکج اناؤنس کرنے کا کہا ہے، دو ارب روپے سکھر بائی پاس کی تزئین و آرائش کے لئے منظور کیے جاچکے ہیں، جبکہ4ارب روپے وومین یونیورسٹی کے لئے منظور کرائے جارہے ہیں جس کے بعد یونیورسٹی اور بائی پاس کا کام شروع ہوجائے گا۔

سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ اور رینجرز کی موثر حکمت عملی کی وجہ سے امن و امان قائم ہوا رینجرز کے ٹارگیٹڈ آپریشن سے کئی بھتہ خور، ٹارگٹ کلرز اور دہشتگرد گرفتار کیے جاچکے ہیں، کراچی آپریشن کراچی میں مکمل امن و امان قائم کرنے تک جاری رہے گا۔