بھارت نے ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی پر اقوام متحدہ کو خط تحریر کر دیا پاکستان سے معاملہ اٹھانے کا مطالبہ

خط میں ذکی الرحمن لکھوی کی ضمانت کو اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 1267 کی خلاف ورزی قرار دے کر مداخلت کی اپیل

اتوار 3 مئی 2015 14:08

بھارت نے ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی پر اقوام متحدہ کو خط تحریر کر دیا ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 3مئی۔2015ء) بھارت نے ذکی الرحمٰن لکھوی کی رہائی پر اقوام متحدہ کو خط تحریر کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق خط میں ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی کا معاملہ پاکستان سے اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔بھارت کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب اشوکے مکھرجی نے اقوام متحدہ کی پابندیوں سے متعلق کمیٹی کے سربراہ کو خط تحریر کیا ۔

خط میں ذکی الرحمن لکھوی کی ضمانت کو اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 1267 کی خلاف ورزی قرار دے کر مداخلت کی اپیل کی گئی ہے خط میں اقوام متحدہ سے لکھوی کی رہائی کے معاملے کو پاکستان سے اٹھانے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔واضح رہے کہ 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات انتہائی خراب ہو گئے تھے جس کے دوران 160 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

بھارت کی جانب سے ذکی الرحمن لکھوی پر ممبئی حملے کے ماسڑ مائنڈ ہونے کا الزام لگایا گیا تھا جس پر پاکستان نے چند سال قبل لکھوی کو مظفر آباد سے گرفتار کر لیا تھا۔ذکی الرحمن لکھوی دیگر 6 ملزمان کے ہمراہ اڈیالہ جیل میں قید تھے، 18دسمبر 2014 کو وفاقی دارالحکومت کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

اگلے ہی روز ان کو نظر بند کرکے رہائی کے حکم کو حکومت نے عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا تھا30 دسمبر کو ذکی الرحمن لکھوی کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کیا گیا اور ان پر ایک شہری کے اغواء کا الزام لگایا گیا۔رواں برس 3 جنوری کو ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم کی ضمانت کی منظوری کو حکومت کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے پراسیکیوٹرز چوہدری اظہر اور حسنین پیرزادہ نے درخواست کی تھی کہ ٹرائل کورٹ نے شہادتوں کو نظر انداز کر کے ذکی الرحمن لکھوی کی ضمانت منظور کی۔

ان کی نظر بندی کی پہلی مدت جنوری کی 18 تاریخ کو مکمل ہوتے ہی حکومت نے ان کی نظر بندی میں 16-MPO (خدشہ نقص امن) کے تحت مزید توسیع کا حکم جاری کیا۔ذکی الرحمن لکھوی نے حکومت کی جانب سے متواتر نظر بندی کے احکامات جاری کیے جانے کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔پنجاب حکومت نے 14 مارچ کو ذکی الرحمن لکھوی کی چوتھی بار نظربندی کے احکامات جاری کیے تھے  اس سے پہلے ہی اسلام آباد ہائیکورٹ نے ذکی الرحمان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔ذکی الرحمن لکھوی نے اپنی نظربندی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس کی سماعت کے بعد عدالت نے حکومت کو حکم دیا تھا کہ لکھوی کو فوری طور پر رہا کیا جائے ذکی الرحمٰن لکھوی کو اسی رات رہا کردیا گیا تھا۔