25 فتوحات اور 83 پوائنٹس کے ساتھ انگلش پریمئیر کا ٹائٹل چیلسی کے نام

پیر 4 مئی 2015 11:39

25 فتوحات اور 83 پوائنٹس کے ساتھ انگلش پریمئیر کا ٹائٹل چیلسی کے نام

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار4مئی۔2015ء) انگلش فٹبال پریمیئر لیگ میں چیلسی نے کرسٹل پیلس کو 1-0سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ، چیلسی نے ایونٹ میں اب تک 35میچز کھیلے ہیں جن میں سے 25میںاسے فتح نصیب ہوئی ،8میچ برابری پر ختم ہوئے جبکہ 2میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ ایونٹ میں ابھی چیلسی نے 3میچز اور کھیلنے ہیں تاہم ا س کے پوائنٹس کی تعدا د83ہوگئی ہے جہاں تک ایونٹ میں شریک کوئی بھی ٹیم اپنے باقی سارے میچ جیت کر بھی نہیں پہنچ سکتی ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز کرسٹل پیلس کیخلاف کھیلے گئے میچ میں چیلسی کی طرف سے واحد گول ایڈن ہیزرڈ نے کھیل کے 45ویں منٹ میں کیا ۔ایونٹ میں فاتح بننے پر چیلسی کے کھلاڑیوں نے لندن کے سٹین فورڈ سٹیڈیم میں بھرپور جشن منایا ۔ گزشتہ روز کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے میچ میں مانچسٹرسٹی نے ٹوٹنہم کو ایک صفر سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی ، اس کے پوائنٹس کی تعداد 67ہوگئی ہے ۔ لندن کے وائٹ ہارٹ لین سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کا واحد گو ل مانچسٹر سٹی کے فارورڈ سرجیو اگویرو نے کھیل کے 29ویں منٹ میں کیا ۔پوائنٹس ٹیبل پر آرسنل 67پوائنٹس کیساتھ تیسرے ، مانچسٹریونائیٹڈ 65 پوائنٹس کیساتھ چوتھے اور لیورپول 61پوائنٹس کیساتھ 5ویں نمبر پر ہے ۔