سی این جی سیکٹر کو ایل این جی کی درآمد کیلئے مطلوبہ رقم کا انتظام کرنے کے باوجود امید کی کوئی کرن دکھائی نہ دے سکی

پیر 4 مئی 2015 12:52

سی این جی سیکٹر کو ایل این جی کی درآمد کیلئے مطلوبہ رقم کا انتظام کرنے ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) سی این جی سیکٹر کو ایل این جی کی درآمد کیلئے مطلوبہ رقم کا انتظام کرنے کے باوجود امید کی کوئی کرن دکھائی نہ دے سکی ، سوئی نادرن گیس پائپ لائنز انتظامیہ کی طرف سے تقسیم کا اختیار اپنے ہاتھ میں رکھنے کے اصرار کیوجہ سے بھی ایل این جی منصوبے میں مثبت پیشرفت نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے اپنی ضروریات کے مطابق این ایل جی درآمد کرنے کی اجازت کے بعد سی این جی ایسوسی ایشن نے تقریباً ساڑھے 8سو سے زائد سی این جی اسٹیشنز مالکان سے اس مد میں خطیر رقم اکٹھی کر کے حکومت کو باضابطہ آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سی این جی سیکٹرنے ایل این جی کی درآمد کے لئے اپنی تیاری مکمل کر لی ہے لیکن تاحال سی این جی سیکٹر کو مثبت جواب نہیں دیا گیا ۔

(جاری ہے)

سی این جی ایسوسی ایشن کے ذرائع نے بتایا کہ مثبت پیشرفت نہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ ہفتے ہونے والے اجلاس میں رقم کی ادائیگی کرنے والے سی این جی اسٹیشنز مالکان کو رقم واپسی کی پیشکش کی گئی ہے تاہم رقم کی ادائیگی کرنے والے مالکان میں سے صرف 12نے اپنی رقم واپس لی ہے جبکہ باقی تمام مالکان ایل این جی گیس کا حصول چاہتے ہیں اور انہوں نے اپنی رقم واپس لینے سے انکار کر دیا ہے ۔

ایک اور ذرائع نے بتایا کہ گیس کمپنیوں کے پرائیویٹ شیئر ز ہولڈر سی این جی سیکٹر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کی انتظامیہ درآمدی گیس کی اونر شپ اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتی ہے اور گیس کی تقسیم کا اختیار اپنے ہاتھ میں رکھنے کا اصرار بھی ایل این جی منصوبے میں مثبت پیشرفت میں رکاوٹ ہے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ قطر گیس کی خریداری کیلئے ادائیگیوں کیلئے سرکار کی بجائے پرائیویٹ طور پرمیکنزم کا کہہ چکا ہے ۔

متعلقہ عنوان :