عابد شیر علی کی جانب سے ایم کیوایم سے متعلق شر انگیز گفتگو کئے جانے پر ایم کیو ایم ٹنڈوالہیار کا اظہار مذمت

پیر 4 مئی 2015 18:49

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے مسلم لیگ نواز سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی اور وزیر مملکت عابد شیر علی کی جانب سے ایم کیوایم سے متعلق شر انگیز گفتگو کئے جانے پر شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ نائن زیرو کو مسمار کرنے کا مطالبہ کرنے والے عابد شیر علی یہ نہ بھولیں کہ نائن زیرو صرف ایک عمارت نہیں بلکہ کروڑوں حق پرست عوام کی امیدوں کا مرکز ہے ۔

نائن زیرو سے متعلق کسی بھی قسم کی غیر ذمہ دارانہ گفتگو کرنا کروڑوں حق پرست عوام کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ رشتہ داری کی بنیاد پر ایم این اے اور بعدازاں وزارت کے منصب پر پہنچنے والے عابد شیر علی سیاسی اخلاقیات کی الف بے سے نا واقف ہیں۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ بغیر کسی موقع محل کے بیان بازیاں کرنا انکا پسندیدہ ترین مشغلہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی صفوں میں مجرموں کو تلاش کرنے والے گلوبٹ جیسے عالمی شہرت یافتہ دہشت گرد کے ساتھ اپنے تعلق کو کیا نام دنیا پسند کریں گے؟قائد تحریک الطاف حسین کے بیان کو بنیاد بنا کر تنقید کرنے والے وزیر دفاع خواجہ آصف کے اسمبلی میں دئیے گئے بیان اور میاں نواز شریف کے فرزند کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم کو مدد کے لئے لکھے گئے خط کی کیا وضاحت پیش کریں گے؟ انہوں نے کہا کہ ماضی میں افواج پاکستان کے بارے میں عامیانہ گفتگو کرنے والے سیاسی مقاصد کے حصول کی خاطر قائد تحریک الطاف حسین کے بیان کو ہدف تنقید بنا رہے ہیں۔ اس قسم کی حرکات سے عوام کے دلوں سے ایم کیوایم کی محبت ختم نہیں کی جاسکتی ہے ۔