آئی پی ایل:چنئی سپر کنگز نے ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا ، کلکتہ بھی فتح یاب

منگل 5 مئی 2015 11:21

آئی پی ایل:چنئی سپر کنگز نے ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا ، کلکتہ بھی فتح ..

چنائی، کلکتہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5مئی۔2015ء) آئی پی ایل سیزن آٹھ میں چنائی سپر کنگز نے رائل چیلنجر بنگلور کو 24 رنز سے شکست دے کر ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا ، کلکتہ نائٹ رائیڈرز نے سن رائزرز حیدر آباد کو 35 رنز سے ہرا دیا ۔ پہلے میح میں چنائی سپر کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سریش رائنا اور کپتان دھونی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ اوورز میں نو وکٹوں پر148 رنز کا قابل ذکر مجموعہ حاصل کرلیا ۔

پلیئر آف دی میچ سریش رائنا نے ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے ۔ مہندر سنگھ دھونی کے 18 گیندوں پر 29 رنز کے علاوہ فاف ڈوپلیسز نے 24 اور برینڈن میکلم نے 20 رنز کا اضافہ کیا۔ مچل سٹارک نے تین جبکہ ڈیوڈ وائز اور ہرشل پٹیل نے دو، دو مہرے کھسکائے ۔

(جاری ہے)

جواب میں رائل چیلنجر بنگلور کی ٹیم 124 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان ویرات کوہلی 48 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ۔

اشیش نہرا نے تین، ایشور پانڈے اور ڈوین براوو نے دو، دو شکار کئے ۔ دوسرے میچ میں سن رائزرز حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دی۔ کلکتہ نائٹ رائیڈرز نے کسی بیٹسمین کی غیر معمولی کارکردگی کے بغیر بھی سات وکٹوں پر 167رنز تک رسائی حاصل کر لی ۔ منیش پانڈے 33، کپتان گوتم گمبھیر 31 جبکہ رابن اتھپا اور یوسف پٹھان 30، 30 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ بھوونیشور کمار اور کرن شرما نے دو، دو کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ جواب میں سن رائزرز حیدر آباد موائزز ہین ریکس کے 41 اور کرن شرما کے 32 رنز کے باوجود نو وکٹوں پر 132 رنز بناسکی اور شکست سے دوچار ہو گئی ۔ فاتح ٹیم کی جانب سے اومیش یادیو دو وکٹیں لے کر مرد میدان قرار پائے حالانکہ بریڈ ہاگ نے بھی دو شکار کئے تھے ۔