راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبے کا افتتاح9مئی کو کرنے کا فیصلہ ،وزیراعظم نوازشریف افتتاح کریں گے

منگل 5 مئی 2015 12:02

راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبے کا افتتاح9مئی کو کرنے کا فیصلہ ،وزیراعظم ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) پچاس ارب روپے سے زائد کی لاگت سے تیار ہونے والے راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبے کا افتتاح9مئی کو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،نامکمل میٹروبس منصوبے کا افتتاح وزیراعظم محمد نوازشریف راولپنڈی میں کریں گے،وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور کابینہ کے ارکان میٹروبس میں سوار ہوکر اسلام آباد کے آخری سٹاپ سیکرٹریٹ کے مقام تک سفر کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے جڑواں شہروں کیلئے پچاس ارب روپے سے زائد کی رقم سے تیار کئے جانے والے نامکمل میٹرو بس منصوبے کا افتتاح9مئی کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق وزیراعظم پاکستان نوازشریف میٹروبس منصوبے کا افتتاح اپنی کابینہ اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ہمراہ راولپنڈی میں رحمان آباد سٹاپ کے مقام سے کریں گے اور بعد ازاں میٹرو بس میں سفر کرتے ہوئے میٹروبس کے اسلام آباد میں آخری سٹاپ سیکرٹریٹ تک سفر کریں گے اور اس اخری سٹاپ کے مقام پر وزیراعظم ایک بڑے اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

میٹروبس کی اس افتتاحی تقریب کے راولپنڈی میں آنے والے اخراجات راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی(آر ڈی اے) جبکہ اسلام آباد میں آنے والے اخراجات کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) برادشت کریں گے۔نامکمل میٹرو بس کے افتتاح کا ایک افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ایک سال سے زائد عرصے اور پچاس ارب روپے کی زائد لاگت سے تعمیر ہونے والے اس منصوبے کا راولپنڈی میں مریڑ چوک اور موتی محل لئی پل کے مقام پر گراؤنڈ ورک تاحال مکمل نہیں ہوسکا،تاہم میٹرو پل سے بس گزر سکے گی جبکہ اسلام آباد فیز میں پشاور موڑ انٹرچینج کا کام تاحال بقیہ ہے جبکہ میٹرو بس ذرائع کے مطابق پشاور موڑ انٹرچینج کا کام مزید تین سے چار ماہ میں مکمل ہوسکے گا تاہم وزیراعظم کی افتتاحی بس اس مقام سے عارضی طور پر تعمیر شدہ سڑک سے گزارا جائے گا،اُردو پوائنٹ نے مؤقف جاننے کیلئے میٹرو منصوبے کے چےئرمین حنیف عباسی سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی تاہم حسب عادت انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی