وی آئی پی کلچر، کیپٹن (ر) صفدرکے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے لیے کر کٹ ٹیموں کو گراؤنڈ سے باہر نکال دیا گیا

منگل 5 مئی 2015 13:59

وی آئی پی کلچر، کیپٹن (ر) صفدرکے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے لیے کر کٹ ٹیموں ..

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) وی آئی پی کلچر نے کھیل کے میدانوں کو بھی نہ بخشا اور وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے داما کیپٹن (ر) صفدر عباسی کے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے باعث پی سی بی انڈر 19 کے میچ میں مصروف دونوں ٹیموں کو مانسہرہ پولیس نے گراؤنڈ سے باہر نکال دیا اور جاری میچ کے دوران وکٹیں اکھاڑ دی اور کھلاڑیوں اور انتظامیہ کو زدو کوب کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز وزیراعظم میاں نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر عباسی نے مانسہرہ آنا تھا اور مانسہرہ پولیس نے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے لئے گراؤنڈ میں جاری میچ کو ختم کروا کے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کروائی۔ منگل کے روز پی سی بی انڈر 19 کے دو ریجنل ٹیموں صوابی اور مانسہرہ انڈر 19 کا میچ جاری تھا کہ پولیس نے گراؤنڈ پر دھاوا بول دیا اور وکٹیں اکھاڑ دی اور کھلاڑیوں اور انتظامیہ کو شدید زدو کوب کیا ہے جس کے بعد تمام کھلاڑیوں اور انتظامیہ کو گراؤنڈ سے باہر نکال دیا ہے۔

(جاری ہے)

گراؤنڈ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وی آئی پی موومنٹ پر کھیل اور کھلاڑیوں کے ساتھ ایسا سلوک ہو گا تو کرکٹ کا یہی حال ہو گا جو آج قومی کرکٹ ٹیم کا بنگلہ دیش میں ہوا ہے۔ واقع پر خیبرپختونخواہ کے صوبائی وزیر مشتاق عنی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی وی آئی پی کے لئے گراؤنڈ کو خالی کرانا انتہائی شرم ناک عمل ہے اور میچ رکوا کر ہیلی کاپٹر لینڈ کرنا قابل مذمت فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ داماد صاحب کہیں اور بھی اتر سکتے تھے میدان کو خالی کروا کر اترنا مغلیہ ذہنیت کا عکاس ہے۔