سپینش لیگ: رئیل میڈرڈ کی کامیابی، رونالڈو کی شاندار ہیٹ ٹرک

منگل 5 مئی 2015 14:01

سپینش لیگ: رئیل میڈرڈ کی کامیابی، رونالڈو کی شاندار ہیٹ ٹرک

ریال میڈرڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء)کرسٹیانو رونالڈو نے ہیٹ ٹرک داغ کر رئیل میڈرڈ کو سویلا کے خلاف تین دو سے کامیابی دلوا دی۔ اس شکست کے ساتھ سویلا کا ہوم گراوٴنڈ پر چونتیس میچز سے ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ بھی ٹوٹ گیا۔اسپینش لیگ میں کرسٹیانو رونالڈو کی ہیٹ ٹرک کی بدولت رئیل میڈرڈ نے سویلا کو تین دو سے شکست دے کر ٹائٹل کی جانب پیش قدمی جاری رکھی۔

پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست بارسلونا اور رئیل میڈرڈ کے درمیان اب محض دو پوائنٹس کا فرق باقی رہ گیا۔کھیل کے چھتیسویں منٹ میں زیویئر ہرنانڈز کے پاس کرسٹیانو رونالڈو نے گیند کو جال میں پہنچا کر ٹیم کو برتری دلوائی جبکہ اگلے ہی منٹ میں انہیں اس برتری کو ڈبل کرنے کا موقع مل گیا، جس پر انہوں نے انفرادی طور پر دوسرا گول بنا کر رئیل میڈرڈ کی سبقت دو صفر کردی۔

(جاری ہے)

پہلے ہاف کے خاتمے سے قبل سرجیو راموس کے ویڈال کے خلاف فاوٴل کرنے پر میزبان سویلا کو پنالٹی ایوارڈ ہوگئی۔ اس سنہری موقع سے کارلوس باکا نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے حریف کے خلاف گول کردیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر اسکور دو ایک تھا۔دوسرے ہاف میں کامیابی ایک مرتبہ پھر مہمان ٹیم کو کھیل کے اڑسٹھویں منٹ میں ملی۔ اس بار بھی کرسٹیانو رونالڈو ہیرو بن کر سامنے آئے۔ اناسی ویں منٹ میں ونسنٹ ایبورا نے سویلا کا خسارہ کم کیا۔ کرسٹیانو رونالڈو نے میڈرڈ کے لیے انتیسویں ہیٹ ٹرک داغ کر سیزن میں اسپینش لیگ میں اپنے مجموعی گولز کی تعداد بیالیس کرلی۔