عظیم بلے باز سر ڈان بریڈمین کا ہم پلہ ہونا بہت بڑا اعزاز ہے ،یونس خان

جمعرات 7 مئی 2015 11:30

عظیم بلے باز سر ڈان بریڈمین کا ہم پلہ ہونا بہت بڑا اعزاز ہے ،یونس خان

میرپور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار7مئی۔2015ء) سابق قومی کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ عظیم بیٹسمین ڈان بریڈمین کا ہم پلہ ہونا ان کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے لیکن انہیں زیادہ خوشی اس بات کی ہو رہی ہے کہ وہ تسلسل کے ساتھ کرکٹ کھیلتے ہوئے سنچریاں بھی اسکور کر رہے ہیں۔ میر پور میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں ایک بار پھر کرکٹ کیریئر کے آغاز کا موقع ملے تو ان کی خواہش ہوگی کہ وہ اسی اوسط کے ساتھ سنچریاں بنائیں جیسے کہ ڈان بریڈ مین نے بنائیں کیونکہ یہ ان کیلئے زیادہ اطمینان بخش بات ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اس بات پر اصرار کرتے رہے ہیں کہ شراکتیں قائم کرنا زیادہ اہم ہے اور اظہر علی کے ساتھ شراکت بہترین رہی جو پاکستانی کرکٹ کا مستقبل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا وہ اننگز کے دوران بہت زیادہ بات چیت کرتے ہیں اور سٹرائیک کو روٹیٹ کرنے کے سبب شراکت کی مضبوطی کا موقع ملتا ہے اور ٹیم کی جیت کے امکانات بھی روشن ہو جاتے ہیں۔ یونس خان کا کہنا تھا کہ ہوم ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا درست فیصلہ کیا کیونکہ وکٹ سے شروع میں بالرز کو مدد ملی لیکن بعد میں یہ سٹروک پلیئرز کیلئے بہتر ہو گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ میچ میں بنگلہ دیش نے مضبوطی کے ساتھ کم بیک کیا تھا لہٰذا آسانی کے ساتھ آگے بڑھنا ممکن نہیں ہے اور دوسری صبح کا ابتدائی سیشن انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا جب روانی سے سکور کر کے بنگلہ دیش کو دباؤ کا شکار کرنے کیلئے بیٹسمینوں کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔