چیمپئنز لیگ ، بارسلونا نے سیمی فائنل فرسٹ لیگ میں کامیابی حاصل کر لی

جمعرات 7 مئی 2015 12:07

چیمپئنز لیگ ، بارسلونا نے سیمی فائنل فرسٹ لیگ میں کامیابی حاصل کر لی

بارسلونا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 مئی۔2015ء) بارسلونا کے سٹار سٹرائیکر لیونل میسی ایک بار پھر اپنا جادو دکھانے میں کامیاب ہوگئے ، بارسلونا نے چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل فرسٹ لیگ میں فتح سمیٹ لی۔ سپین میں ہونے والے چیمپئنز لیگ کے فرسٹ لیگ سیمی فائنل میچ میں میزبان کلب بارسلونا اور جرمن فٹبال کلب بائرن میونخ آمنے سامنے ہوئے۔ بارسلونا کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بائرن میونخ کی ٹیم کو بے بسی کی تصویر بنا دیا۔

(جاری ہے)

سٹار سٹرائیکر لیونل میسی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ میچ کے 77ویں منٹ میں لیونل میسی نے شاندار گول سکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلائی۔ بائرن میونخ کے کھلاڑی دباوٴ برداشت کرنے میں ناکام رہے ، لیونل میسی نے دوسرا گول 80 ویں منٹ پر کیا۔ بارسلونا کی جانب سے کھیل کے اختتامی لمحات میں نیمار نے گول سکور کرکے ٹیم کی شاندار کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا اور حریف کلب کو تین صفر سے ٹھکانے لگایا۔ چیمپئنز فٹبال لیگ میں یہ بارسلونا کی 17مقابلوں میں 16 ویں جیت ہے۔ اس کے ساتھ ہی لیونل میسی ، سواریز اور نیمار نے سیزن میں مجموعی طور پر 111 گول سکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔