پہلے اے ٹیسٹ میں نروس نائنٹیز نے عمر امین کو جکڑ لیا

جمعرات 7 مئی 2015 12:10

پہلے اے ٹیسٹ میں نروس نائنٹیز نے عمر امین کو جکڑ لیا

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 مئی۔2015ء) پہلے غیرسرکاری اے ٹیسٹ میں نروس نائنٹیز نے پاکستانی بیٹسمین عمر امین کو جکڑ لیا، وہ ایک رن کی کمی سے سری لنکا کیخلاف سنچری مکمل نہ کر سکے، اوپنر خرم منظور نے82کی اننگز کھیلی، چار روزہ میچ کے پہلے دن ٹیم نے5 وکٹ پر244 رنز بنا لیے۔تفصیلات کے مطابق کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کو ترجیح دی، پاکستان کی پہلی وکٹ صرف 22 رنز پر گر گئی، جب عمر صدیق (6) ویشا فرنانڈو کی گیند پر اسٹمپڈ ہوگئے، لیفٹ ہینڈر عمر امین نے خرم منظور کے ساتھ دوسرے وکٹ کیلیے 135 رنز جوڑے، اس دوران سری لنکن بولرز بے بس دکھائی دیے، اوپنر 128 گیندوں پر 82 رنز بنانے کے بعد تھارینڈو کوشل کی اندر آتی گیند کو نہ سمجھ سکے اور ایل بی ڈبلیو ہوگئے، عمر امین نے اس کے بعد علی وقاص(21) کے ساتھ 51 رنز کی پارٹنرشپ بناکراسکور208 تک پہنچایا، وہ آہستہ آہستہسنچری کی جانب بڑھ رہے تھے لیکن کوشل نے صرف ایک رن پہلے پویلین بھیج کر کارنامہ انجام دینے سے روک دیا۔

(جاری ہے)

نائب کپتان نے 99 تک پہنچنے کیلیے 202 گیندوں کا سامنا کیا اور اس دوران 7 بار گیند کو باؤنڈری کی سیرکرائی، دن کے 78 ویں اوور کا کھیل جاری تھا کہ ڈی سلوا نے علی وقاص (صفر) کو شکار کر لیا، کپتان فواد عالم 59 گیندوں پر17رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، وکٹ کیپر عدنان اکمل 6بالز کا سامنا کرنے کے باجود اب تک کھاتہ نہیں کھول سکے ہیں۔