بیقابو خلائی جہاز کل زمین پر گرے گا ‘سائنسدان

جمعرات 7 مئی 2015 12:18

بیقابو خلائی جہاز کل زمین پر گرے گا ‘سائنسدان

لند ن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 مئی۔2015ء)سائنسدانوں نے کہاہے کہ گذشتہ ہفتے خلائی سفر کے آغاز پر ہی بے قابو ہو جانے والا روسی خلائی جہازکل جمعہ کو زمین پر گر کر تباہ ہو جائیگا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایم -27 ایم نامی یہ مال بردار خلائی جہاز منگل کو قزاقستان سے خلا میں بھیجا گیا تھا تاہم کچھ ہی لمحوں میں اس سے رابطہ ٹوٹ گیا تھاروس خلائی ایجنسی روس کوسموس کے مطابق جہاز کے گرنے کا امکان جمعرات کی شب ساڑھے دس بجے سے جمعہ کی صبح سات بجے تک کے درمیان ہے۔

(جاری ہے)

اس جہاز پر تین ٹن ضروری سامان اور آلات موجود ہیں تاہم سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ خلائی جہاز جیسے ہی زمینی کی فضا میں داخل ہو گا، اس کے ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیں گے.روس کوسموس کے مطابق روسی جہاز کے صرف چند انتہائی چھوٹے چھوٹے ٹکڑے ہی زمین کی سطح تک پہنچیں گے۔سائنسدانوں کے مطابق خلائی جہاز کے یہ ٹکڑے بھی خشکی پر نہیں بلکہ سمندر میں گریں گے۔یہ خلائی جہاز زمین سے قریباً 420 کلو میٹر دور خلا میں موجود بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر چھ خلابازوں کو خوراک، ایندھن، آکسیجن اور کپڑے فراہم کرنے والا تھا تاہم رابطہ ٹوٹ جانے کی وجہ سے یہ کنٹرول سے باہر ہو گیا۔