میڈرڈ اوپن ، ٹاپ سیڈ ویمنز پلیئرز کی کوارٹر فائنل میں رسائی

جمعرات 7 مئی 2015 13:07

میڈرڈ اوپن ، ٹاپ سیڈ ویمنز پلیئرز کی کوارٹر فائنل میں رسائی

میڈرڈ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار7مئی۔2015ء) عالمی نمبر ایک امریکی سٹار سرینا ولیمز، روسی ساحرہ ماریہ شراپوا، جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا ،ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی اور رومانیہ کی ایرینا کمیلا بیگو حریف کھلاڑیوں کو شکست دے کر میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہیں جبکہ ٹاپ ٹین میں شامل پولش پلیئر اگنیسکا رڈوانسکا کا سفر تیسرے ہی راؤنڈ میں تمام ہوگیا ہے ۔

سپین میں جاری میڈرڈ اوپن ٹینس میں تیسرے راؤنڈ کے میچز جاری ہیں جہاں ٹاپ سیڈ امریکی سٹار سرینا ولیمز نے بیلاروس کی وکٹوریا ازارینکا کو کانٹے کے مقابلے میں سات، چھ، تین، چھ اور سات، چھ سے ہرا کر لاسٹ ایٹ راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی جبکہ یہی کارنامہ تھرڈ سیڈ روسی سٹار ماریہ شراپوا نے فرانس کی کیرولین گارشیا کو سخت جدوجہد کے بعد چھ، دو، چار، چھ اور سات، پانچ سے قابو کرکے انجام دیا۔

(جاری ہے)

تیسرے راؤنڈ کے دیگر میچز میں فورتھ سیڈ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا نے روسی کھلاڑی اناستاسیا پیولی چینکووا کی چھ، ایک اور چھ، چار سے چھٹی کردی۔ففتھ سیڈ ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی نے ٹاپ ٹین میں شامل پولش پلیئر اگنیسکا رڈوانسکا کو چھ،تین اور چھ، دو سے ہرا کر ان کا سفر تیسرے ہی راؤنڈ میں تمام کر دیا۔ رومانیہ کی ایرینا کمیلا بیگو نے جمہوریہ چیک کی باربورا سٹرائیکووا کو چھ، چار کے یکساں سکور سے مات دے کر کوارٹر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا ۔