میرپور ٹیسٹ کا دوسرا روز، پاکستان نے557رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی، بنگلہ دیش کے 107رنز پر آدھی ٹیم آؤٹ

جمعرات 7 مئی 2015 20:52

میرپور ٹیسٹ کا دوسرا روز، پاکستان نے557رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی، بنگلہ ..

میرپور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 مئی۔2015ء) دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف اپنی پہلی اننگز 557رنز 8کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی جبکہ دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 107رنز بنا لیے ، بنگلہ دیش کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 450رنز کی ضرورت ہے اور پہلی اننگز میں اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں، بنگلہ دیش پر فالو آن کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔

میرپور کے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے دوسرے روزپاکستان نے 323رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اننگ شروع کی تو آغاز میں ہی پاکستان کو اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب شکیب الحسن نے پاکستانی کپتان مصباح الحق کو بولڈ کر دیا وہ صرف 9رنز ہی بنا سکے۔

(جاری ہے)

دن کے آغاز میں ہی کپتان کی وکٹ سے محروم ہونے کے بعد اظہر اور اسد شفیق نے محتاط مگر پراعتماد انداز میں بلے بازی کی اور 207رنز کی شراکت قائم کی۔

نائب کپتان اظہر علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی ڈبل سنچری 20چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے مکمل کی۔ وہ 226رنز بنانے کے بعد شواگتا ہوم کی پہلی وکٹ بنے۔اسد شفیق نے اپنی چھٹی ٹیسٹ سنچری نو چوکے اور ایک چھکا لگا کر بنائی۔ انہیں بھی 107کے سکور پر شواگتا نے ہی آؤٹ کیا۔بعدازاں پاکستان کے لوئر آرڈر بلے باز سکور میں قابلِ ذکر اضافہ کرنے میں ناکام رہے اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے ۔

سرفراز احمد 21رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ ریاض 4اور یاسر شاہ بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔جب دوسرا چائے کا وقفہ ہوا تو پاکستان نے 8وکٹ کے نقصان پر 557رنز بنائے تھے اور کپتان مصباح نے اسی موقع پر اننگ ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے 3، شاہد علی اور شواگتا ہوم نے 2-2جبکہ شکیب الحسن نے ایک وکٹ لی۔یونس خان نے میچ کے پہلے دن ٹیسٹ کرکٹ میں نہ صرف اپنی 29 ویں سنچری مکمل کی بلکہ وہ اس طرز کی کرکٹ میں پاکستان کے لیے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز بھی بن گئے۔

انہوں نے اظہر علی کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے ٹیم کے سکور میں 250رنز کا اضافہ بھی کیا تھا۔بنگلہ دیش نے اننگ کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں گزشتہ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے تمیم اقبال پاکستانی بولر جنید خان کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار دیدیئے گئے۔اس موقع پر امرالقیس اور مومن الحق نے اسکور کو 38تک پہنچایا لیکن مومن ایک کی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

قیس اور محموداﷲ کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 31رنز کی ساجھے داری قائم ہوئی لیکن قیس یاسر شاہ کے پہلے اوور میں خوبصورت گیند پر اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔اگلی ہی گیند پر شکیب نے یاسر کی گیند کو کٹ کیا جو سیدھی سلپ میں کھڑے یونس خان کے پاس گئی لیکن وہ اسے پکڑنے میں ناکام رہے۔اسکور 85تک پہنچا تو وہاب ریاض نے محموداﷲ کو پویلین لوٹنے پر مجبور کردیا۔

اس کے بعد مشفیق اور شکیب نے سنبھل کر بلے بازی شروع کی تاکہ دن کے اختتام تک مزید کسی اور نقصان سے بچا جا سکے لیکن آخری اوور میں یاسر شاہ کی خوبصورت گو گلی پر حریف کپتان اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔اس کے ساتھ امپائرز نے کھیل کے اختتام کا اعلان کردیا جہاں بنگلہ دیش نے پانچ وکٹ کے نقصان پر 107رنز بنائے تھے۔پاکستان کی جانب سے جنید خان اور یاسر نے 2-2جبکہ ایک وکٹ وہاب ریاض کے نام رہی۔

بنگلہ دیش کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 450رنز کی ضرورت ہے اور فالو آن سے بچنے کے لیے 251رنز درکار ہیں جبکہ اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اس دور بنگلہ دیش میں تاحال فتح کی تلاش میں ہے۔ بنگلہ دیش نے پہلے پاکستان کو تینوں ون ڈے میچوں اور پھر دورے کے واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں بھی ہرایا تھا۔دونوں ٹیموں کے درمیان کھلنا میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بھی بے نتیجہ رہا تھا اور یہ پہلا موقع تھا کہ بنگلہ دیشی ٹیم نو ٹیسٹ میچوں میں پاکستان سے نہیں ہاری۔

متعلقہ عنوان :