بھارت : مرد کھلاڑیوں کے ہراساں کرنے پر4 خاتون ایتھلیٹس نے زہرکھالیا،1ہلاک

جمعرات 7 مئی 2015 20:57

بھارت : مرد کھلاڑیوں کے ہراساں کرنے پر4 خاتون ایتھلیٹس نے زہرکھالیا،1ہلاک

کیرالہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار7مئی ۔2015ء ) بھارت میں 4 خواتین ایتھیلیٹس نے کوچ اور مرد کھلاڑیوں کی جانب سے ہراساں کئے جانے پر زہر کھا لیا جس کے نتیجے میں ایک کھلاڑی ہلاک ہوگئی ہے ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست کیرالہ کے شہر الاپوزہ میں سپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے زیر اہتمام چلنے والے واٹر سپورٹس سینٹر میں کوچ اور مرد کھلاڑیوں کی جانب سے ہراساں کئے جانے پر 4 خواتین ایتھیلیٹس نے زہرکھالیا جس کے باعث 16 سالہ گولڈ میڈلسٹ ایتھیلیٹ اپرنا ہلاک جبکہ بقیہ3 کی حالت تشویشناک ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ چاروں ایتھیلیٹس نے زہرخورانی کی تھی جنہیں تاخیر سے ہسپتال لایا گیا جسکے باعث ایک دوران علاج چل بسی جبکہ دیگر 3 کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔دوسری جانب الاپوزا تھانے کی پولیس نے غیر فطری موت کا مقدمہ درج کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ چاروں لڑکیاں 3 روز قبل اپنے کسی دوست کے ہاں شادی میں گئی تھیں جہاں انہوں نے شراب نوشی کی اور ہاسٹل واپسی پرانہوں نے شراب کی بوتلیں بھی خریدیں جسے شامل تفتیش کرلیا گیا ہے ، لڑکیوں کی جانب سے ہاسٹل میں کس طرح شراب کی بوتلیں لائی گئیں اس حوالے سے بھی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

خودکشی کرنیوالی ایتھیلیٹس اپرنا کے والدین کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اپرنا نے انہیں فون کرکے آگاہ کیا تھا کہ سینئرطالبعلم اوراساتذہ انہیں انتہائی اقدام اٹھانے پرمجبورکررہے ہیں۔پولیس اور لڑکیوں کے والدین کے بیانات میں تضاد کو دیکھتے ہوئے کھیلوں کے وزیر نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم جاری کرتے ہوئے سپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ہاسٹل کا دورہ کریں اور اصل حقائق سے آگاہ کریں۔

متعلقہ عنوان :