سعد رفیق سپریم کورٹ جانے کی بجائے عوامی عدالت میں آئے‘چیئرمین سنی اتحاد کونسل

را کی پاکستان میں تخریبی کاروائیوں پر وزیر اعظم پالیسی بیان دیں ‘ صاحبزادہ حامد رضا کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 7 مئی 2015 21:25

سعد رفیق سپریم کورٹ جانے کی بجائے عوامی عدالت میں آئے‘چیئرمین سنی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 مئی۔2015ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سعد رفیق سپریم کورٹ جانے کی بجائے عوامی عدالت میں آئے،بے قاعد گیوں میں ملوث ریٹرنگ افسران کو عبرت ناک سزائیں دی جائیں ،اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کی کوششیں جاری ہیں ۔ پاک فوج کا دہشتگردی کو کچلنے کا عزم پر امن پاکستان کی ضمانت ہے، جنرل راحیل شریف قوم کے سب سے بڑے ہیرو بن چکے ہیں ، نواز شریف اور زرداری نے ’’ ایک بار ہم اور ایک بار تم ‘‘ کا فارمولا طے کر کھا ہے،حکومت اقتصادی راہداری کا روٹ شائع کرے،پاکستان میں را کے ایجنٹوں کے خلاف بلا تاخیر کاروائی کی جائے ۔

ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے 8 مئی کو منائے جانیوالے ’’ یوم حمایت پاک فوج ‘‘ کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ را کی پاکستان میں تخریبی کاروائیوں پر وزیر اعظم پالیسی بیان دیں ۔ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے زبانی جمع خرچ سے کام نہیں چلے گا۔ مسئلہ کشمیرحل ہونے تک بھارت سے دوستی اور تجارت کی باتیں بند کی جائیں ۔

بھارت میں سنجے اور سلمان جیسے اداکاروں کو سزائیں دی جارہی ہیں اور ہم ایان جیسی مجرم کی ناز برداریاں کررہے ہیں ۔ پیپلز پارٹی ، ن لیگ اور جے یو آئی نے فوج کے خلاف گٹھ جوڑ کررکھا ہے۔ عوام کی ہمدردیاں اور دعائیں پاک فوج کے ساتھ ہیں ۔ قومی سلامتی کے ضامن کے بارے میں غیر محتاط بیانات نا قابل برداشت ہیں ۔ فوجی شہداء قوم کے دلوں کی دھڑکنوں میں بستے ہیں ۔ کراچی ، بلوچستان اور فاٹا کی دہشتگردی میں بھارت ملو ث ہے۔ بھارت کے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے ایجنڈے کی مزاحمت کیلئے قومی اتحاد ضروری ہے ۔

متعلقہ عنوان :