آئی پی ایل:حیدرآباد سن رائزرز اور کلکتہ نائٹ رائیڈرز کی فتوحات

جمعہ 8 مئی 2015 11:50

آئی پی ایل:حیدرآباد سن رائزرز اور کلکتہ نائٹ رائیڈرز کی فتوحات

کلکتہ ، ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار8مئی۔2015ء) انڈین پریمیئر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں گزشتہ روز مزید دو میچز کا فیصلہ ہوگیا ، حیدر آباد سن رائزرز نے ہائی سکورنگ میچ میں راجستھان رائلز کو سات رنز سے شکست دے دی جبکہ کلکتہ نائٹ رائیڈرز نے دہلی ڈیرڈیولز کے خلاف 13 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ برابورن سٹیڈیم ، ممبئی میں حیدر آباد سن رائزرز نے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں پر 201 رنز کا قابل ذکر مجموعہ حاصل کرلیا۔

اوئن مورگن نے محض 28 گیندوں پر 63 رنز پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے بنائے جبکہ شیکھر دھون کے 54 رنز دو چھکوں اور چھ چوکوں سے سجے تھے ۔ روی بوپارا 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ شین واٹسن نے دو جبکہ جیمز فالکنر اور پراوین تمبے نے ایک، ایک وکٹ پر اکتفا کیا۔

(جاری ہے)

جواب میں راجستھان رائلز بہترین کوشش کے باوجود سات وکٹوں پر 194 رنز بنا سکی۔ سٹیو سمتھ 68، کرس مورس 34 ناٹ آؤٹ اور جیمز فالکنر 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔

بھوونیشور کمار نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اوئن مورگن پلیئر آف دی میچ قرار پائے ۔ دوسری جانب کلکتہ کے ایڈن گارڈنز پر میزبان ٹیم کلکتہ نائٹ رائیڈرز نے یوسف پٹھان کے 42 اور رابن اتھپا کے 32 رنز کی بدولت دہلی ڈیرڈیولز کیخلاف سات وکٹوں پر 171 رنز بنانے میں کامیابی حاصل کی۔ عمران طاہر نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ جواب میں دہلی ڈیرڈیولز چھ وکٹوں پر 158رنز بناسکی۔ شیریاس ایئر کے 40، اینجلو میتھیوزکے 22، منوج تیواڑی اور جین پال ڈومینی کے 25، 25 جبکہ سریش تیواڑی کے ناقابل شکست 24 رنز بھی کسی کام نہ آسکے ۔ پلیئر آف دی میچ پیوش چاؤلہ نے چار کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا ۔