میڈرڈ اوپن : تجربہ کار سرینا ولیمز اور ماریہ شراپوا کی سیمی فائنل میں رسائی

جمعہ 8 مئی 2015 12:47

میڈرڈ اوپن : تجربہ کار سرینا ولیمز اور ماریہ شراپوا کی سیمی فائنل میں ..

میڈرڈ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار8مئی۔2015ء) عالمی نمبر ایک امریکی سٹار سرینا ولیمز، روسی ساحرہ ماریہ شراپوا، انکی ہموطن سویٹلانا کزنیٹسووا میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ ٹاپ ٹین میں شامل ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی اور سپین کی کارلا سواریز نوارو ٹرافی کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سپین میں جاری میڈرڈ اوپن ٹینس سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہوگیا ہے جہاں ٹاپ سیڈ امریکی سٹار سرینا ولیمز نے ٹاپ ٹین میں شامل سپین کی کارلا سواریز نواروکو چھ، تین اور چھ، ایک سے شکست دے کر لگاتار50 واں میچ جیتنے کا تاریخ ساز کارنامہ بھی انجام دے ڈالا۔

2012ء میں میامی اوپن کے کوارٹر فائنل میں کیرولین ووزنیاکی سے ہارنے کے بعد سے سرینا ولیمز ہنوز ناقابل شکست ہیں۔ تھرڈ سیڈ روسی سٹار ماریہ شراپوا نے ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی کو سخت مقابلے کے بعد چھ، ایک، تین، چھ اور چھ، تین سے قابو کرلیا۔ روس کی سویٹلانا کزنیٹسووا نے جمہوریہ چیک کی لوسی سفاروا کیخلاف پہلا سیٹ پانچ، سات سے ہارنے کے بعد اگلے دونوں سیٹس ٹائی بریکر پر سات، چھ اور سات، چھ سے اپنے نام کرلئے ۔